نااہل حکمرانوں نے پنجاب کو بدنامیاں دیں ،لیاقت بلوچ
پنجاب کے عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں ،ملک مستحکم،بحرانوں سے نجات پائے گا
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر)جماعت اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلو چ نے کہا ہے کہ پنجاب پاکستان کے سیاسی میدان کا اہم ترین صوبہ ہے ، اسٹیبلشمنٹ نے پنجاب کے چند خاندانوں، جاگیرداروں، سرمایہ داروں، مفادپرست گروہوں کو مفادات اور اقتدار کے لالچ میں جمع کرکے پنجاب کے 12کروڑ عوام کو محرومیوں کا شکار کیا ہے اور اِن نااہل حکمرانوں نے پنجاب کو بدنامیاں دی ہیں ، پنجاب کو سیاسی بدنامیوں کے دلدل سے نکالنے کے لئے جماعت اسلامی پنجاب کے عوام کی ترجمان اور پنجاب کو قومی وحدت،تعمیر و ترقی اور تمام صوبوں کیلئے محبت و اخوت کا مرکز بنانے کے لئے ہراوّل دستہ کا کردار ادا کرے گی،پنجاب کے عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں گے ،ملک مستحکم اور بحرانوں سے نجات پائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی لالہ موسیٰ کے تحت منعقدہ بدل دو نظام ورکر کنو نشن سے خطاب کر تے ہو ئے کیا۔ لیاقت بلو چ نے کہا پنجاب میں بلدیاتی کالے قانون کے خاتمہ،بااختیار بلدیاتی نظام کے قیام اور عوام کو بااختیار بنانے کیلئے بدل دو نظام کے اگلے مراحل کا لائحہ عمل بنایا جائے گا ۔