ریل کے ذریعے مال برداری کو فروغ دینگے ،حنیف عباسی
کے پی کی لاجسٹکس کارکردگی بہتر بنانے کیلئے مشترکہ حکمتِ عملی اپنائیں گے ،شاہد احمد سے گفتگو
اسلام آباد(خصوصی نامہ نگار)وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کراچی پورٹ ٹرسٹ کے چیئرمین ریئر ایڈمرل (ر) شاہد احمدسے ملاقات کی، کراچی پورٹ سے کارگو کی ترسیل کو مؤثر بنانے اور ریلوے نظام کو مزید مضبوط کرنے پر غور کیا گیا۔ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ کراچی پورٹ اور اس کے اطراف میں بڑھتے ہوئے ٹریفک دباؤ اور کارگو جام کے مسئلے سے نمٹنے کیلئے سڑکوں کے بجائے ریل کے ذریعے مال برداری کو فروغ دیا جائے ۔ وفاقی وزیر ریلوے نے کارگو ٹرانسپورٹ کے شعبے میں بڑے اصلاحاتی اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ریلوے کی مجموعی کارگو اٹھانے کی صلاحیت میں نمایاں اضافہ کیا جائے گا۔
قومی و بین الاقوامی تجارت کے فروغ میں کراچی پورٹ کی سٹرٹیجک اہمیت کلیدی حیثیت رکھتی ہے ، جس کے پیشِ نظر کراچی پورٹ کی لاجسٹکس کارکردگی بہتر بنانے کیلئے کے پی ٹی اور پاکستان ریلوے کے درمیان مشترکہ حکمتِ عملی اپنائی جا رہی ہے ۔ مین لائن ون (ایم ایل ون) کا آغاز جولائی 2026 میں کراچی پورٹ سے کیا جائے گا، کے پی ٹی تا پپری 54 کلومیٹر طویل ریلوے سیکشن کو اپ گریڈ کیا جائے گا تاکہ کارگو کی بلا تعطل ترسیل ممکن ہو سکے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے آئندہ پانچ ماہ کے دوران روزانہ کم از کم چار فریٹ ٹرینیں چلانے کا منصوبہ رکھتا ہے ، جس میں بلک کارگو کو ترجیح دی جائے گی۔