تھانوں کو جدید اور عوام دوست مراکز میں تبدیل کیا جائے ،آئی جی
جرائم پیشہ عناصر، منشیات فروشوں،متحرک گروہوں کے خلاف کارروائیاں تیز کرنیکی ہدایت
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس علی ناصر رضوی کی زیرِ صدارت سیف سٹی اسلام آباد اور سنٹرل پولیس آفس میں اجلاس ہوئے ،آئی جی نے تھانہ جات کی جدید تقاضوں کے مطابق تعمیرِ نو، اپ گریڈیشن، شہریوں کے لیے سہولیات کی بہتری، انفراسٹرکچر کو مضبوط بنانے اور جدید سکیورٹی آلات کی تنصیب کے جاری اقدامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ تھانوں کو جدید اور عوام دوست مراکز میں تبدیل کیا جائے تاکہ شہریوں کو بہتر اور بروقت پولیس سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے تمام افسران کو جرائم پیشہ عناصر، منشیات فروشوں اور متحرک گروہوں کے خلاف خصوصی اور مؤثر آپریشنز تیز کرنے ، شہریوں کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنانے ، کمیونٹی پولسنگ کے فروغ، پٹرولنگ سسٹم کی مؤثر اور منظم منصوبہ بندی، اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لئے فوری ردعمل ٹیموں کی تشکیل کے احکامات بھی جاری کئے ۔