اسلام آباد ،روایتی اسٹام پیپر ختم ،ای اسٹیمپنگ کا آغاز کر دیا گیا
ڈپٹی کمشنر کا ایف ایٹ میں دکانوں کا دورہ ،آن لائن پورٹل کا جائزہ ،بریفنگ بھی لی
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر)وفاقی دارالحکومت میں روایتی اسٹامپ پیپر کے دور کا خاتمہ کرتے ہوئے ای سٹیمپنگ نظام مکمل طور پر نافذ کر دیا گیا ہے ، اس اقدام کے ذریعے دستاویزات پر استعمال ہونے والے اسٹامپ پیپر میں جعل سازی اور فراڈ کے تمام راستے مؤثر طریقے سے بند کر دیئے گئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر عرفان نواز میمن نے گزشتہ روز ایف ایٹ پرانی کچہری میں اسٹامپ پیپر کی دکانوں کا دورہ کیا، ای سٹیمپنگ کے آن لائن پورٹل کا عملی جائزہ بھی لیا اور محکمہ اِسٹیمپ کے افسران سے بریفنگ حاصل کی۔ دکانداروں اور اسٹامپ فروشوں نے بھی ڈی سی اسلام آباد کو اس جدید نظام کے کامیاب آغاز پر مبارکباد پیش کی۔ ڈی سی نے کہا کہ شہریوں کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈیجیٹل ڈیش بورڈ کو انتہائی آسان بنایا گیا ہے ، جس کی مدد سے کوئی بھی شہری کسی بھی دستاویز پر لگے ای سٹیمپ کی فوری طور پر آن لائن تصدیق کر سکتا ہے ۔