مری ،تجاوزات کیخلاف بلا امتیاز ،مرحلہ وار آپریشن کا فیصلہ
سرکاری زمینوں، فٹ پاتھوں،عوامی راستوں پر ڈھانچے ختم کئے جائیں،ڈی سی
مری (نمائندہ دنیا) ڈپٹی کمشنر مری کی زیرِ صدارت تجاوزات کے خلاف اجلاس، بلا امتیاز کارروائی کا فیصلہ ،ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تجاوزات کے باعث ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہو رہی ہے جبکہ شہریوں اور سیاحوں کو آمد و رفت میں مشکلات کا سامنا ہے خصوصاً پیدل چلنے والوں، طلبہ اور بزرگ شہریوں کے لیے مسائل میں اضافہ ہو رہا ہے ،اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مری بھر میں تجاوزات کے خلاف بلا امتیاز اور مرحلہ وار آپریشن کیا جائے گا سرکاری زمینوں، فٹ پاتھوں اور عوامی راستوں پر قائم تمام غیر قانونی ڈھانچے ختم کیے جائیں گے اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی، ڈپٹی کمشنر نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ قانون کی بالادستی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی اور کسی کو سرکاری املاک پر ناجائز قبضے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔