کمالیہ :ٹی ایچ کیو ہسپتال میں بریسٹ کینسر آگاہی کیمپ
اسسٹنٹ کمشنر اقراء ناصر نے کیمپ کا افتتاح کیا، خواتین کا مفت معائنہ
کمالیہ(نمائندہ دنیا،نمائندہ خصوصی )اسسٹنٹ کمشنر کمالیہ اقراء ناصر نے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کمالیہ میںبریسٹ کینسر آگاہی و سکریننگ کیمپ کا افتتاح کر دیا۔ افتتاحی تقریب میں میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر میاں عدیل عارف، ایڈمن افسر علی، مس سارہ اور ہسپتال کا طبی عملہ بھی موجود تھا۔کیمپ میں گائناکالوجسٹ ڈاکٹر شبیلہ گلناز، ڈاکٹر عمارہ کنسلٹنٹ سرجن ٹی ایچ کیو کمالیہ اور لاہور سے آنے والی الٹراساؤنڈ سپیشلسٹ ڈاکٹر عارفہ اسلم نے خواتین کا مفت معائنہ اور سکریننگ کی۔
مشتبہ کیسز کو مزید علاج کے لیے پینم ہسپتال ریفر کیا جائے گا، جہاں مریضوں کو خصوصی سہولت اور رعایت فراہم کی جائے گی۔ڈاکٹر میاں عدیل عارف نے کہا کہ بریسٹ کینسر سے بچاؤ کیلئے بروقت تشخیص نہایت ضروری ہے ، تیس سال سے زائد عمر کی خواتین کو سالانہ معائنہ کروانا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ فری سکریننگ کیمپ خواتین میں بریسٹ کینسر سے آگاہی اور بروقت علاج کی جانب ایک اہم اقدام ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بروقت تشخیص سے بریسٹ کینسر کا کامیاب علاج ممکن ہے اور ایسے کیمپس عوامی صحت کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ٹی ایچ کیو ہسپتال کمالیہ عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے ایسے فلاحی و آگاہی پروگرامز کا انعقاد آئندہ بھی جاری رکھے گا۔