بار الیکشن میں دھاندلی ہوئی ،دوبارہ کرائے جائیں ،اشرف گجر

 بار الیکشن میں دھاندلی ہوئی ،دوبارہ کرائے جائیں ،اشرف گجر

الیکشن مقررہ شیڈول سے قبل کرایا گیا ، پریس کانفرنس ،جیتنے والوں کا نوٹیفکیشن بھی جاری

اسلام آباد(اپنے نامہ نگارسے )اسلام آبادہائیکورٹ بارکے انتخابات میں صدارتی امیدوار چودھری اشرف گجر نے دھاندلی کے الزامات عائد کرتے ہوئے الیکشن دوبارہ کرانے کا مطالبہ کر دیا، دوسری طرف چیئرمین الیکشن بورڈعادل عزیز قاضی نے دوبارہ صدر منتخب ہونے والے سید واجد علی گیلانی سمیت تمام کامیاب امیدواروں کا نوٹیفکیشن جاری کردیاہے ، چودھری اشرف گجر کاپریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ الیکشن مقررہ شیڈول سے قبل کرایا گیا جبکہ ملک بھر کی بار ایسوسی ایشنز کے انتخابات 28 فروری کو ہونا تھے ، انتخابات سے قبل بعض وفاقی وزرا نے بار معاملات میں مداخلت کی کوشش کی اور مخصوص افراد کو کامیاب کرانے کے لیے دباؤ ڈالا۔

بار میں مبینہ طور پر ڈھائی سو سے زائد وکلا کو خلاف ضابطہ ممبرشپ دی گئی،ووٹر لسٹیں آویزاں نہیں کی گئیں ، پولنگ کے دوران بے ضابطگیاں ہوئیں، بیلٹ پیپرز پولنگ سٹیشن سے باہر آتے رہے ،پولنگ کے آغاز پر 21 بکس تھے ، بعد میں یہ تعداد 23 ہو گئی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ 1461بیلٹ پیپر جاری کیے گئے لیکن نتائج میں 1605ووٹ ظاہر کیے گئے ۔ابتدائی گنتی میں وہ آٹھ ووٹوں سے آگے تھے ، 1605 میں سے 141 ووٹ گنتی میں شامل نہیں کیے گئے ۔ انہوں نے اعلان کیا کہ اگر ایک ہفتے کے اندر دوبارہ انتخابات کا اعلان نہ کیا گیا تو وہ اپنی باڈی کا اعلان کرنے پر غور کریں گے ۔ شفاف تحقیقات کروا کر ذمہ داران کا تعین کیا جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں