راولپنڈی ،الائیڈ ہسپتالوں میں غیر ضروری خریداریوں کا انکشاف
ہولی فیملی پینڈنگ ادائیگیوں میں سرفہرست ، واجبات 80کروڑ تک پہنچ چکے بے نظیر ہسپتال 35کروڑ، ٹی ایچ کیو 25کروڑ ،ڈسٹری بیوٹرز کا نوٹس لینے کا مطالبہ
راولپنڈی (خاور نواز راجہ) راولپنڈی کے تین بڑے سرکاری ٹیچنگ ہسپتالوں کی مبینہ غیر ضروری اور ضرورت سے زائد خریداریوں کا انکشاف ، محکمہ صحت پنجاب پر واجبات کا بوجھ بڑھ کر تقریباً ایک ارب 95 کروڑ روپے تک پہنچ گیا ہے ، ڈسٹری بیوٹرز نے احتجاج کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا۔ذرائع کے مطابق ہولی فیملی پینڈنگ ادائیگیوں میں سرفہرست ہے جہاں واجبات تقریباً 80 کروڑ روپے تک پہنچ چکے ہیں۔ بے نظیر بھٹو ہسپتال 35 کروڑ روپے کے ساتھ دوسرے جبکہ ٹی ایچ کیو 25 کروڑ روپے کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مالی سال 2024-25 کی مجموعی طور پر 55 کروڑ روپے کی پینڈنگ پہلے سے موجود تھی جبکہ رواں سال کے دوران مزید ایک ارب 40 کروڑ روپے کے واجبات بن چکے ہیں۔ راولپنڈی اور اسلام آباد میں کام کرنے والے ڈسٹری بیوٹرز کی تنظیم ریڈا نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب، وزیر صحت اور دیگر متعلقہ حکام سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔ تنظیم نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ جب تک پرانے واجبات ادا نہیں کیے جاتے ، مزید خریداریوں کا عمل روکا جائے ، اس حوالے سے ایم ایس ہولی فیملی ڈاکٹر اعجاز بٹ سے رابطہ کیا تاہم انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا۔