7ماہ میں سینیٹ سیکرٹریٹ کے ڈھائی ارب سے زائد اخراجات

7ماہ میں سینیٹ سیکرٹریٹ کے ڈھائی ارب سے زائد اخراجات

اعزازی تنخواہوں کی مد میں 30کروڑ 47لاکھ،کھانے پر 9کروڑ 93لاکھ خرچ ملکی و غیرملکی دوروں پر7کروڑ،بیرون ملک ڈیلی الاؤنس کی مد میں 6کروڑ اخراجات

اسلام آباد (ایس ایم زمان) سینیٹ سیکرٹریٹ نے مالی سال 2025-2026کے ابتدائی سات ماہ میں مجموعی طور پر 2ارب 55کروڑ 86لاکھ روپے خرچ کیے۔ دستاویزات کے مطابق اعزازی تنخواہوں کی مد میں افسران و ملازمین کو 30کروڑ 47لاکھ روپے ادا کیے گئے۔ کھانے پر 9کروڑ 93لاکھ روپے، آئی ٹی آلات کی خریداری پر 1لاکھ 32ہزار اور سافٹ ویئر پر 6لاکھ 59ہزار روپے خرچ ہوئے۔ اندرون و بیرون ملک دوروں کیلئے ٹریولنگ الاؤنس کی مد میں 7کروڑ جبکہ بیرون ملک ڈیلی الاؤنس کی مد میں 6کروڑ 21لاکھ روپے ادا کیے گئے۔ کانفرنسز، سیمینارز اور ورکشاپس پر 81لاکھ روپے خرچ ہوئے۔ سرکاری ٹیلی فون و موبائل واجبات پر مجموعی طور پر 38لاکھ روپے جبکہ موبائل فون بلز پر 9لاکھ روپے ادا کیے گئے ۔ پٹرولیم مصنوعات پر 2کروڑ 10لاکھ اور ٹرانسپورٹ پر 65لاکھ روپے خرچ کیے گئے۔ یوٹیلیٹی الاؤنس (بجلی) کی مد میں 22کروڑ، صدارتی الاؤنس 34کروڑ، سپیشل پارلیمنٹ ہاؤس الاؤنس 22کروڑ اور سیشن الاؤنس کی مد میں 21کروڑ روپے جاری کیے گئے ۔ادارے کے لیے رواں مالی سال میں مجموعی طور پر 5ارب 89کروڑ روپے کا بجٹ مختص ہے۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں