سینیٹری ورکرز کی تنخواہوں کیلئے 108.685ملین کی منظوری
آؤٹ سورس سیکٹرز میں خدمات انجام دینے والے سینیٹری سٹاف کو ادائیگی کی جائیگی
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) وفاقی دارالحکومت میں صفائی کے نظام کو بہتر بنانے اور سینیٹری ورکرز کو بروقت تنخواہوں کی ادائیگی یقینی بنانے کیلئے سی ڈی اے نے مالی ریلیف پیکج کی منظوری دے دی ہے ۔ چیئرمین سی ڈی اے نے مالی سال 2025-26کے دوران صفائی عملے کی تنخواہوں اور اعزازیہ کی مد میں 108.685ملین روپے کے اضافی فنڈز کی منظوری دی ہے۔ یہ فنڈز سابق کنٹریکٹر کے تحت آؤٹ سورس سیکٹرز میں خدمات انجام دینے والے سینیٹری سٹاف کو ادا کیے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق مسلم اور مسیحی ملازمین کو عیدالفطر اور ایسٹر 2026کے موقع پر فی کس 5ہزار روپے اعزازیہ بھی دیا جائے گا، جسے ملازمین کیلئے خوش آئند اقدام قرار دیا جا رہا ہے۔ سی ڈی اے حکام کا کہنا ہے کہ ادائیگیاں مکمل شفافیت کے ساتھ کی جائیں گی اور آئندہ تمام تنخواہیں بینکنگ چینل کے ذریعے منتقل ہوں گی۔ پری آڈٹ اور دیگر مالی ضوابط پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے گا تاکہ کسی بھی قسم کی بے ضابطگی سے بچا جاسکے۔