غوری ٹائون فیز7،غیر منظور شدہ عمارتیں 15روز میں گرانے کا حکم
تعمیرات خود نہ گرائی گئیں تو سی ڈی اے پولیس فورس کے ذریعے آپریشن ہوگا،سرکلر
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) سی ڈی اے نے اسلام آباد ہائی وے پر واقع غوری ٹاؤن فیز 7کے خلاف ایکشن لیتے ہوئے غیرقانونی تعمیرات فوری طور پر روکنے اور تمام غیرمنظور شدہ عمارتیں 15دن کے اندر گرانے کا حکم جاری کر دیا ہے۔ پلاننگ ونگ کے مطابق مذکورہ ہاؤسنگ سکیم کی تعمیرات سی ڈی اے آرڈیننس 1960، آئی سی ٹی زوننگ ریگولیشن 1992اور بلڈنگ کنٹرول ریگولیشن 2020کی کھلی خلاف ورزی ہیں، جس کے باعث فوری کارروائی ناگزیر ہو گئی ہے۔ سرکلر میں واضح کیا گیا ہے کہ اگر 15دن کی مقررہ مدت میں غیرقانونی تعمیرات خود نہ گرائی گئیں تو سی ڈی اے پولیس فورس کے ذریعے زبردستی آپریشن کیا جائے گا اور تمام اخراجات متعلقہ ذمہ داران سے وصول کیے جائیں گے۔ اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ، ایس ایس پی اسلام آباد، ڈی جی بی اینڈ ایچ سی اور ڈی جی انفورسمنٹ کو فوری عملدرآمد کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ مزید برآں، ہائی کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں غیرقانونی تعمیرات کی رجسٹریاں اور انتقالِ اراضی بھی روکنے کا حکم دیا گیا ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ اس غیرقانونی سکیم میں کوئی بھی خرید و فروخت یا رجسٹری نہیں ہو سکے گی۔