قائداعظم یونیورسٹی اور این سی ایچ ڈی کے مابین معاہدہ
تعلیمی اور سماجی تعاون میں شراکت داری انسانی ترقی کے اشاریوں کو بہتر بنائے گی
اسلام آباد (دنیا رپورٹ) قائداعظم یونیورسٹی اور نیشنل کمیشن فار ہیومن ڈویلپمنٹ (NCHD) نے پاکستان بھر میں تعلیمی اور سماجی تعاون کیلئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے ہیں۔ یہ شراکت داری ملک میں انسانی ترقی کے اشاریوں کو بہتر بنائے گی۔ اس مفاہمت نامے کا کلیدی مقصد ایچ ون ٹیچ ون (ای او ٹی او) پر عملدرآمد ہے، جوکہ وزیراعظم کی تعلیمی ایمرجنسی 2024ء کی ہدایات کا حصہ ہے۔ اس اقدام کے تحت، قائداعظم یونیورسٹی ماسٹر ٹرینرز کی فراہمی کے ساتھ ساتھ طلبہ کی شمولیت کو یقینی بنائے گی جبکہ NCHDکورس کے مواد کے علاوہ تربیتی معاونت فراہم کرے گا۔ قائداعظم یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظفر نواز جسپال اور علی اصغر ڈائریکٹر جنرل NCHDنے دستاویز پر دستخط کیے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر نے کہا کہ کیو اے یو اور این سی ایچ ڈی کے درمیان شراکت داری تعلیمی معیارات اور بنیادی سطح پر انسانی ترقی کے درمیان فرق کو ختم کرنے کی جانب ایک بامعنی پیش رفت ہے۔