سلیکٹ یو ایس انویسٹمنٹ سمٹ میں 16پاکستانی کمپنیوں کی شرکت
پاکستانی کمپنیوں کا امریکی مارکیٹ میں کاروبار بڑھانے میں دلچسپی کا اظہار
اسلام آباد (دنیا رپورٹ )سلیکٹ یو ایس اے انویسٹمنٹ سمٹ 2026 امریکہ کی ریاست میری لینڈ میں منعقد کی گئی ، اب تک کے سب سے بڑے پاکستانی کاروباری وفد نے شرکت کی جس کی سربراہی کراچی میں متعین امریکی قونصل جنرل چارلس گڈمین کر رہے تھے ۔ سمٹ میں 16 پاکستانی کمپنیوں نے شرکت کی ۔پاکستانی کمپنیوں نے امریکی مارکیٹ میں کاروبار بڑھانے میں دلچسپی کا اظہار کیا ۔ اس موقع پر امریکہ بھر سے شرکت کرنے والے کاروباری رہنماؤں نے عالمی سرمایہ کاروں کے ساتھ ملاقات کی ۔ٹیکسٹائل اور ٹیک سے لے کر فوڈ پروسیسنگ، کنسلٹنگ اور بڑے پیمانے پر مینوفیکچرنگ کے شعبوں کی نمائندگی کرتے ہوئے وفد نے پاکستان کے نجی شعبہ کی بھرپور نمائندگی کی۔ کانفرنس کے اختتام تک، کئی پاکستانی فرموں نے اپنے کاروبار کو امریکی مارکیٹ میں لے جانے میں سنجیدہ دلچسپی کا اشارہ دیا۔سلیکٹ یو ایس اے انویسٹمنٹ سمٹ عالمی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے ریاستہا ئے متحدہ کا اہم ترین پروگرام ہے ۔ امریکی محکمہ تجارت کی زیرِ میزبانی، اس کا سالانہ اجلاس پورے امریکہ میں سرمایہ کاری کے مواقع کو اُجاگر کرنے کے لیے کاروباری رہنماؤں، سرکاری حکام اور اقتصادی ترقی کے ماہرین کو اکٹھا کرتا ہے ۔