پاسپورٹ سسٹم کو نئی شکل دینے کیلئے کام جاری ،محمد علی رندھاوا
ہوم ڈیلیوری کی سہولت شروع کرنے کے لیے بھی کام ہورہا ، ڈی جی پاسپورٹ
اسلام آباد (این این آئی)امیگریشن اور پاسپورٹ کے ڈائریکٹر جنرل محمد علی رندھاوا نے ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن ڈرائیو کے حوالہ سے کہا ہے کہ پاسپورٹ موبائل ایپ، ہوم ڈیلیوری اور کیو آر کوڈ پر مبنی ادائیگی شامل ہے تاکہ خدمات کو تیز تر، شفاف اور غیر قانونی طریقوں سے پاک بنایا جا سکے ۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاسپورٹ موبائل ایپ شہریوں کو پاسپورٹ کے لیے آن لائن درخواست دینے اور تجدید کرنے ، درخواستوں کو ٹریک کرنے اور اپنے موبائل فون سے ضروری خدمات تک آسانی سے رسائی کے قابل بنائے گی۔انہوں نے کہا کہ محکمہ ہوم ڈیلیوری کی سہولت شروع کرنے کے لیے بھی کام کر رہا ہے تاکہ درخواست دہندگان اپنے پاسپورٹ اپنی دہلیز پر حاصل کر سکیں، جس سے بار بار پاسپورٹ دفاتر جانے میں کمی آئے گی۔ QR کوڈ پر مبنی ڈیجیٹل ادائیگی کا نظام جلد ہی متعارف کرایا جائے گا۔ تاکہ غیر قانونی طریقوں اور درمیانی افراد کو ختم کرنے میں مدد کے ساتھ محفوظ اور شفاف لین دین کو یقینی بنایا جا سکے ۔