قطری و سعودی وزرائے خارجہ کا رابطہ، خطے کو بلاجواز حملوں سے محفوظ رکھنے پر زور
دوحہ: (دنیا نیوز) قطر کے وزیراعظم و وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمان بن جاسم الثانی نے سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔
دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات اور انہیں مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا، اور خطے کی تازہ ترین صورتحال پر بھی گفتگو کی، خاص طور پر امریکہ اور ایران کے درمیان مفاہمتی یادداشت کے بعد پیدا ہونے والی سفارتی کوششوں کے تناظر میں بات چیت ہوئی۔
قطری وزیراعظم نے زور دیا کہ خطے کو غیر ضروری کشیدگی اور بلاجواز حملوں کے نتائج سے محفوظ رکھا جائے، آبنائے ہرمز سے بحری آمدورفت کی آزادی کو یقینی بنایا جائے، کشیدگی میں کمی کیلئے مکالمے اور سفارت کاری کے راستے کو جاری رکھا جائے، مفاہمتی یادداشت کے تحت حاصل ہونے والی پیش رفت کو آگے بڑھا کر علاقائی اور عالمی امن و سلامتی کو مضبوط بنایا جائے۔
— Ministry of Foreign Affairs - Qatar (@MofaQatar_EN) June 27, 2026
انہوں نے قطر کی جانب سے اس بات کا اعادہ بھی کیا کہ وہ امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات کی حمایت کرتا ہے تاکہ اختلافات کو پرامن اور سفارتی طریقوں سے حل کیا جا سکے، خطے میں استحکام، تعاون اور ترقی کے نئے مواقع پیدا ہوں اور عوام کے مشترکہ مفادات کو فروغ ملے۔