پاکستان سنگل ونڈو اور لمز کے درمیان تربیت،تحقیق کے فروغ کا معاہدہ
معاہدے پر پاکستان سنگل ونڈو کے آفتاب حیدر اور لمز کے پرووسٹ ڈاکٹر طارق نے دستخط کیے
اسلام آباد(دنیا رپورٹ )پاکستان سنگل ونڈو (پی ایس ڈبلیو) اور لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز (لمز) کے درمیان پاکستان میں تجارتی نظام کو مؤثر بنانے ، پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے فروغ، اعلیٰ انتظامی تربیت اور تحقیق کے شعبوں میں تعاون کے لیے ایک مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے گئے ہیں۔مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب اسلام آباد میں پاکستان سنگل ونڈو کے دفتر میں منعقد ہوئی۔معاہدے پر پاکستان سنگل ونڈو کے چیف ایگزیکٹو افسر آفتاب حیدر اور لمز کے پرووسٹ ڈاکٹر طارق جدون نے دستخط کیے ۔
اس موقع پر دونوں اداروں کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے ، جبکہ لمز کے سلیمان داؤد اسکول آف بزنس (ایس ڈی ایس بی) کے ڈین ڈاکٹر محمد عدیل ظفر نے بھی تقریب میں شرکت کی۔اس شراکت داری کے تحت پاکستان سنگل ونڈو اور لمز، فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے پوسٹ گریجویٹ ڈپلومہ (پی جی ڈی) پروگرام میں زیر تربیت اسسٹنٹ کلیکٹرز کسٹمز کی پیشہ ورانہ مہارتوں کو بہتر بنانے کے لیے مشترکہ طور پر کام کریں گے ۔اس تعاون کا مقصد سرحد پار تجارت، ڈیجیٹل تجارتی نظام، لاجسٹکس، ڈیٹا گورننس اور پاکستان سنگل ونڈو سے متعلق دیگر شعبوں میں معلومات اور پیشہ ورانہ مہارتوں کو فروغ دینا ہے ۔دونوں ادارے باہمی اتفاق سے تربیتی پروگرام، تکنیکی تربیت، سیمینارز اور پیشہ ورانہ مہارتوں کو بہتر بنانے کی دیگر سرگرمیوں کا مشترکہ طور پر انعقاد کریں گے ۔