مہلت مکمل ہونے سے قبل پمپس سیل کرنا غیرقانونی قرار

مہلت مکمل ہونے سے قبل پمپس سیل کرنا غیرقانونی قرار

ڈیلرز کا کے ایم سی کارروائی پر اظہار تشویش، میئر سے انکوائری کا مطالبہ

کراچی (بزنس رپورٹر) پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) کے انفورسمنٹ اینڈ امپلیمنٹیشن ڈپارٹمنٹ کی جانب سے پٹرول پمپس کے خلاف کارروائی اور مبینہ طور پر 7روزہ تعمیلی نوٹس کی مدت مکمل ہونے سے قبل اسٹیشنز سیل کیے جانے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے غیرقانونی اقدام قرار دیا۔پی پی ڈی اے کے چیئرمین ملک خدا بخش نے میئر بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کو شکایتی خط ارسال کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ 7روزہ تعمیلی مدت ختم ہونے سے قبل پٹرول پمپس سیل کیے جانے کے واقعے کی فوری انکوائری کرائی جائے اور ذمہ دار افسران کے خلاف کارروائی کی جائے ۔انہوں نے کہا کہ کے ایم سی کی جانب سے پٹرول پمپس مالکان کو سات روز کا نوٹس جاری کیا گیا تھا، تاہم مبینہ طور پر نوٹس جاری ہونے کے صرف ایک روز بعد ہی بعض پمپس کو سیل کر دیا گیا جو قانونی طریقہ کار اور دی گئی مہلت کے منافی ہے ۔ملک خدا بخش نے کہا کہ پٹرول پمپس سیل کرنا غیرقانونی عمل ہے جبکہ ڈیلرز کے خلاف کسی بھی قسم کی کارروائی سے قبل ایسوسی ایشن کو اعتماد میں لیا جانا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ ایسوسی ایشن ڈیلرز کے مسائل کے حل اور متعلقہ اداروں کے ساتھ تعاون کیلئے تیار ہے تاہم کاروباری سرگرمیوں کو بلاجواز متاثر کرنے والے کسی بھی اقدام کو قبول نہیں کیا جائے گا۔چیئرمین پی پی ڈی اے نے کہا کہ میئر کے مثبت اقدامات کو سراہتے ہیں اور شہر کی بہتری کیلئے انتظامیہ کے ساتھ تعاون کرنا چاہتے ہیں، تاہم کسی بھی غیرقانونی اقدام کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ پٹرول پمپس مالکان کو اپنی قانونی اور انتظامی خامیوں کو دور کرنے کیلئے نوٹس میں دی گئی مکمل مہلت فراہم کی جائے تاکہ وہ مقررہ مدت کے اندر تمام ضروری اقدامات مکمل کرسکیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...