پولیس مقابلوں میں 5 ڈاکو مارے گئے
1اہلکار زخمی،کورنگی نمبر چھ،تیموریہ ضلع وسطی،شاہ فیصل کالونی عظیم پورہ پل پرہلاک ملزموں سے اسلحہ اور موٹرسائیکلیں برآمد،مختلف تھانوں میں مقدماتمختلف علاقوں سے 4 ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار ،وزیر داخلہ کی پولیس کو شاباش ، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں مزیدتیز کی جائیں،ضیاء الحسن لنجار
کراچی (اسٹاف رپورٹر)شہر قائد پولیس مقابلوں میں تیزی آگئی ، چند گھنٹوں میں مبینہ پولیس مقابلوں میں پانچ ڈاکو مارے گئے جبکہ ایک اہلکار زخمی ہوا۔مارے گئے ملزمان کا کرمنل ریکارڈ بھی سامنے آگیا ۔ قبضے سے اسلحہ اور مسروقہ سامان برآمد ہوا ۔کراچی ضلع وسطی کی حدود تیموریہ کے علاقے نغم میں شاہین فورس کے اہلکاروں نے موٹرسائیکل سوار دو افراد کو روکنے کی کوشش کی تو انہوں نے فرارہوتے ہوئے ڈی سی آفس کے قریب پولیس پر فائرنگ کردی۔ پولیس کی جوابی فائرنگ سے دو ڈاکو مارے گئے ۔ ملزمان کے قبضے سے دو پستول ایک موٹرسائیکل برآمد ہوئی۔ شاہ فیصل کالونی عظیم پورہ پل پر بھی پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو مارا گیا اورایک پولیس اہلکار زخمی ہوا ۔ہلاک ملزم کے قبضے سے اسلحہ برامد ہوا۔ کورنگی چھ نمبر ڈگری کالج کے قریب بھی پولیس مقابلے میں دو ڈاکو مارے گئے ۔ ملزمان کے قبضے سے موٹرسائیکل اور اسلحہ برآمد ہوا ۔ مارے گئے ملزمان کے خلاف مختلف تھانہ جات میں مقدمات درج ہیں ۔ملزمان ابراہیم حیدری ، نیوکراچی ،جوہر آباد ، نیو ٹاون ، کلفٹن ، لیاقت آباد ، خواجہ اجمیر نگری اور شاہ لطیف ٹاون میں وارداتیں کرتے تھے۔
ایس ایس پی کورنگی فدا حسین جانوری کے مطابق ملزمان 51 سی میں ڈکیتی کر رہے تھے ۔شاہین فورس کے اہلکاروں نے ملزمان سے مقابلہ کیا۔ زمان ٹاؤن پولیس کی نفری بھی موقع پر پہنچ گئی۔ادھروزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے کورنگی میں پولیس مقابلے کے دوران مؤثر کارروائی پر ڈی آئی جی ایسٹ، ایس ایس پی کورنگی اور شاہین فورس کی پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے ان کی کارکردگی کو سراہا ہے ۔وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال سے کھیلنے والے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف پولیس کی مؤثر کارروائیاں قابلِ تحسین ہیں۔ پولیس اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ڈکیتی کی واردات ناکام بنائی، جو شہریوں کے تحفظ کے لیے پولیس کی مستعدی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظہر ہے ۔انہوں نے پولیس حکام کو ہدایت کی کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے ۔ضیاء الحسن لنجار نے کہا کہ پولیس فورس شہریوں کے تحفظ اور جرائم کے خاتمے کے لیے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتیں بھرپور انداز میں بروئے کار لائے ۔ عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے پولیس کو مؤثر اقدامات جاری رکھنے چاہئیں۔
وزیر داخلہ سندھ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبے میں امن و امان کے قیام اور شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔علا وہ ازیں شہر قائد کے مختلف علاقوں میں مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران 4 مبینہ ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کرلیے گئے جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔چھیپا حکام کے مطابق ملیر میں عمار یاسر ٹاور کے قریب 60 فٹ روڈ پر مبینہ پولیس مقابلے میں 2 ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار ہوئے ۔جن کی شناخت تنویر اور زورین کے نام سے ہوئی۔ دونوں کو جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔پولیس کے مطابق سرسید پولیس نے نارتھ کراچی سیکٹر 11-C/3 میں مبینہ مقابلے کے دوران ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کیا، جس کی شناخت عمران کے نام سے ہوئی۔ ملزم کو عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا۔ ترجمان کراچی پولیس کے مطابق گرفتار ملزم سے اسلحہ، موبائل فون، نقد رقم اور موٹرسائیکل برآمد ہوئی ہے ۔دوسری جانب سکھن پولیس نے بھینس کالونی میں مکی شاہ درگاہ کے قریب مبینہ مقابلے کے دوران ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کیا۔ایدھی حکام کے مطابق 25 سالہ ملزم کی شناخت کامران کے نام سے ہوئی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments