سندھ وژن کانفرنس کی تیاریاں مکمل کی جائیں،شرجیل میمن
معروف صحافیوں، سیاسی، سماجی اور کاروباری شخصیات کی شرکت متوقع ہےصحافیوں ، صحافتی اداروں کے مسائل کا حل ترجیحات میں شامل ،سینئروزیر
کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت محکمہ اطلاعات کا ایک اہم اجلاس منعقد ہواجس میں سکھر میں منعقد ہونے والی سندھ وژن کانفرنس کی تیاریوں اور انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ شرجیل انعام میمن نے ہدایت کی کہ کانفرنس کے تمام انتظامی امور کو مؤثر انداز میں آگے بڑھایا جائے اور اس سلسلے میں تمام ضروری اقدامات بروقت مکمل کیے جائیں۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ وژن کانفرنس میں ملک بھر سے معروف صحافیوں، سیاسی، سماجی اور کاروباری شخصیات کی شرکت متوقع ہے۔ کانفرنس کا مقصد سندھ حکومت کے ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاح و بہبود کیلئے کیے جانے والے اقدامات سے متعلق آگہی فراہم کرنا ہے۔
اجلاس میں صحافیوں اور صحافتی اداروں کو درپیش مسائل کے حل، صحافتی شعبے کی بہتری، میڈیا سے متعلق معاملات اور محکمہ اطلاعات کی کارکردگی سمیت دیگر اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر صحافیوں کو درپیش مشکلات کے ازالے اور صحافتی اداروں سے متعلق معاملات کو بہتر انداز میں حل کرنے کے لیے حکومتی اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔شرجیل انعام میمن نے کہا کہ حکومت سندھ صحافت کے فروغ، آزادیٔ اظہار کے تحفظ اور صحافیوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے ۔ صحافیوں اور صحافتی اداروں کے مسائل کا حل حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments