نادرا نے پاسا آئی سی ٹی ایوارڈز میں تین اعزازات جیت لئے
پاک آئی ڈی ایپ، ملٹی بائیومیٹرک ویریفکیشن سسٹم،پروف آف لائف سروس میں ایوارڈ دیا گیا
اسلام آباد (دنیا رپورٹ )نادرا نے پاکستان سافٹ ویئر ہاؤسز ایسوسی ایشن کے انفارمیشن و کمیونیکیشن ٹیکنالوجی ایوارڈز میں تین اعزازات حاصل کیے ہیں۔ یہ اعزازات نادرا کی ان ڈیجیٹل خدمات کے اعتراف میں دیئے گئے جن سے شہریوں کے لیے شناخت، تصدیق اور عوامی خدمات تک رسائی مزید آسان ہوئی ہے ۔نادرا کی پاک آئی ڈی موبائل ایپ نے حکومتی و شہری خدمات کے شعبے میں ایوارڈ حاصل کیا۔ 22 ملین سے زائد ڈاؤن لوڈز کے ساتھ پاک آئی ڈی اب محض موبائل شناختی ایپ تک محدود نہیں رہی بلکہ ایک وسیع ڈیجیٹل پلیٹ فارم بن چکی ہے ، جس کے ذریعے پاکستان اور بیرونِ ملک مقیم شہری شناخت اور اس سے متعلق بڑھتی ہوئی خدمات تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔ملٹی بائیومیٹرک ویری فیکیشن سسٹم کو کمیونٹی اور دور دراز علاقوں کی خدمات کے شعبے میں ایوارڈ دیا گیا۔ یہ نظام چہرے کی شناخت سمیت متعدد بائیومیٹرک طریقوں سے تصدیق کی سہولت فراہم کرتا ہے ۔ جہاں انگلیوں کے نشانات واضح طور پر حاصل نہ ہو سکیں یا قابلِ اعتماد طور پر میچ نہ ہوں، وہاں یہ متبادل ذرائع سے شناخت کی تصدیق ممکن بناتا ہے ، نادرا کی پروف آف لائف سرٹیفکیٹ سروس نے ڈیجیٹل گورنمنٹ کے شعبے میں ایوارڈ حاصل کیا۔ نادرا کے چیف ٹیکنالوجی آفیسر سہیل جہانگیر اور ہیڈ آف ٹیکنالوجی شاہد اقبال نے ادارے کی جانب سے یہ ایوارڈزحکومتِ سندھ کے خصوصی معاونِ وزیرِ اعلیٰ/وزیر برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی علی راشدسے کراچی میں منعقدہ تقریب میں وصول کیے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments