تعلیمی اداروں میں تخلیقی سرگرمیوں کو فروغ دیا جائے :صدرآزادکشمیر

 تعلیمی اداروں میں تخلیقی سرگرمیوں کو فروغ دیا جائے :صدرآزادکشمیر

سائنسی ترقی نے انسانی زندگی میں نئی جہتیں متعارف کرائی ہیں:ڈاکٹرجاویدلغاری سے گفتگو

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار)آزادجموں و کشمیر کے صدر ڈاکٹر محمد نجیب خان سے سابق سینیٹر اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کے سابق چیئرمین ڈاکٹر جاوید لغاری نے ملاقات کی۔ ڈاکٹر جاوید لغاری نے صدر ریاست کو منصبِ صدارت سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ ملاقات کے دوران انہوں نے اپنی نئی کتاب GOD CHIP بھی صدر ریاست کو پیش کی، جو فکشن اور پراسرار واقعات پر مبنی ایک ناول ہے ۔اس موقع پر صدر آزادجموں و کشمیر ڈاکٹر محمد نجیب خان نے کہا کہ جدید دور میں ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت (AI) اور علمی و ادبی تحقیق کی اہمیت میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے ۔ سائنسی ترقی نے انسانی زندگی کے مختلف شعبوں میں نئی جہتیں متعارف کرائی ہیں، جبکہ ادب ان تبدیلیوں کو سمجھنے ، ان کے اثرات کا جائزہ لینے اور انسانی فکر کو وسعت دینے میں اہم کردار ادا کرتا ہے ۔صدر ریاست نے کہا کہ سائنسی علوم اور ادبی تخلیقات کا امتزاج نوجوان نسل میں مطالعے ، تحقیق، تخلیقی صلاحیتوں اور تنقیدی سوچ کو فروغ دینے کا مؤثر ذریعہ ہے ۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ تعلیمی اداروں میں تحقیق، علمی مکالمے اور تخلیقی سرگرمیوں کو فروغ دیا جائے تاکہ نوجوان جدید سائنسی رجحانات سے آگاہی حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ علم و ادب کے میدان میں بھی اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لا سکیں۔صدر ڈاکٹر محمد نجیب خان نے ڈاکٹر جاوید لغاری کی اعلیٰ تعلیم، تحقیق اور ادبی میدان میں خدمات کو سراہا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...