ادویات کا ڈیٹا جمع نہ کرانے والی کمپنیوں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ
جعلی ادویات کا خاتمہ ناگزیر،2Dبار کوڈ کے نفاذ پر سمجھوتہ نہیں ہوگا ، مصطفی کمال
اسلام آباد (نیوز رپورٹر) وفاقی وزیر قومی صحت سید مصطفی کمال کی صدارت میں ادویات پر 9 اکتوبر کے بعد 2Dبار کوڈ کے نفاذ پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس ہوا، اجلاس میں سی ای او ڈریپ اور متعلقہ اداروں کے حکام سمیت تمام سٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ تقریباً 80 فیصد کمپنیوں نے ادویات پر 2D بار کوڈ کے نفاذ کے عمل کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ اس موقع پر فیڈرل منسٹر اور وزارتِ صحت نے مطلوبہ ڈیٹا جمع نہ کروانے والی کمپنیوں کو باضابطہ نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزارت صحت کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ مقررہ تاریخ کے باوجود عمل درآمد نہ کرنے والی کمپنیوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی، وزیر قومی صحت نے ہدایت دی کہ ادویات کا ڈیٹا جمع نہ کرانے والی کمپنیوں کے پیداواری یونٹس فوری طور پر سیل کر دیے جائیں گے۔ ملک سے جعلی ادویات کا خاتمہ ناگزیر ہو چکا ہے اور اس مقصد کے لیے 2D بار کوڈ کے نفاذ کے معاملے پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments