اقبال ؒنے اپنے کلام سے کروڑوں افراد کو متاثر کیا، ذوالفقار چیمہ
حکومت سابق دور میں نکالے جانیوالے کلام اقبال کو دوبارہ نصاب میں شامل کرے علامہ اقبال ؒ کی فکر پوری دنیا کے مسلمانوں کا مشترکہ سرمایہ، ترک سفیر کا تقریب سے خطاب
اسلام آباد (دنیا رپورٹ) علامہ اقبال کونسل کے زیراہتمام گزشتہ روز یوم اقبال کے حوالے سے تقریب منعقد کی گئی جس سے خطاب کرتے ہوئے ترک سفیر ڈاکٹر عرفان نذیر اوگلو نے کہا ہے کہ ترکی پاکستان اور پاکستان ترکی ہے ، علامہ اقبال کی فکر پوری دنیا کے مسلمانوں کا مشترکہ سرمایہ ہے۔ چیئرمین علامہ اقبال کونسل اور سابق آ ئی جی ذوالفقار چیمہ نے خطاب کرتے ہوئے کہاعلامہ اقبال نے اپنے کلام سے کروڑوں افراد کو متاثر کیا، دنیا کے کسی اور شاعر یامفکر نے اتنے ملکوں میں اتنے انسانوں کو انسپائر نہیں کیا جتنا اقبال نے کیا ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مشرف دور میں تعلیمی نصاب سے نکالے جانے والے کلام اقبال کو دوبارہ نصاب میں شامل کیا جائے، وفاقی اور صوبائی سروسز کے امتحانات میں اردو کا لازمی پرچہ شامل کیا جائے اور سرکاری خط و کتابت اور عدالتی فیصلے اردو میں لکھے جائیں۔ بحریہ یونیورسٹی کے ریکٹر وائس ایڈمرل عابد حمید نے کہا کہ نوجوانوں کو فکر اقبال کی جانب راغب کرنے کیلئے اساتذہ اپنا کردار ادا کریں۔ معروف سکالر ڈاکٹر نجیبہ عارف نے کہا کہ آج فکر اقبال سے ر ہنمائی کی پہلے سے کہیں زیادہ ضرورت ہے۔ سینئر صحافی حامد میر نے کہا کہ علامہ اقبال ایک جمہوری اور فلاحی ریاست کے خواہشمند تھے۔ تقریب کی نظامت محبوب ظفر نے کی، اختتام پر تقریری مقا بلے جیتنے والے طلبہ میں نقد انعامات تقسیم کیے گئے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments