مسلم لیگ ن کا سانگھڑ میں انتقامی کارروائیوں پر شدید احتجاج

مسلم لیگ ن کا سانگھڑ میں انتقامی کارروائیوں پر شدید احتجاج

پڈعیدن،ٹنڈومحمدخان،روہڑی،شاہپورچاکر میں زیادتیوں پر متاثرہ افراد کے مظاہرے

سانگھڑ ،اندرون سندھ(نمائندگان دنیا) مسلم لیگ ن کے ڈویژنل صدر عبدالحفیظ کھوسو ،ضلعی صدر انور علی مری اور جنرل سیکریٹری اسحاق قریشی نے کارکنوں کے ہمراہ نیشنل پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کیساتھ پولیس گردی کے ذریعے انتقامی کارروائیوں کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے ،گزشتہ روز ہمارے سابق ایم این اے ٹکٹ ہولڈر اور جنرل سیکریٹری اسحاق قریشی کو پولیس نے مارکیٹ سے بلاجواز گرفتار کرتے ہوئے تشدد کا نشانہ بنایا اور آٹھ گھنٹے تک تھانے میں پابند سلاسل رکھا۔ان سے موبائل فون چھین لیا اور سنگین مقدمات میں ملوث کرنے کیساتھ ساتھ پولیس مقابلے میں مارنے کی دھمکیاں دیں۔مسلم لیگ ن کی قیادت نے آئی جی،ڈی آئی جی اور ایس ایس پی سے معاملے کی انکوائری کا مطالبہ کیا ہے۔ پڈعیدن سے نمائندے کے مطابق بھریا سمیت نواحی گاؤں رب رکھیو سولنگی میں سودخوروں سے تنگ ریٹائرڈ پولیس اہلکار عبدالجبار سولنگی نے بچوں سمیت زہر کھا کر خودکشی کی دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ میری بیٹی شدید بیمار تھی جس کے علاج کیلئے کریم بخش سے سود پر پیسے لیے جس کیلئے ریٹائرمنٹ کے فنڈ سمیت دیگر ذرائع سے رقوم دے چکا ہوں تاہم قرض نہیں اترا،اب میرے پاس کچھ بھی نہیں اورسود خور کریم بخش مجھے اور میرے بچوں کو مارنے کی دھمکیاں دے رہا ہے ، اس نے ایس ایس پی نوشہرو فیروز اور مخیر حضرات سے مدد کی اپیل کی ہے۔ ٹنڈو محمدخان سے نمائندے کے مطابق عالمانی برانچ ٹاؤن پر تعینات محکمہ آبپاشی کے دروغہ محمد ابراہیم نے پریس کلب ٹنڈومحمدخان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ علاقے کے بااثر زمیندار حاجی محمد ٹنگڑی اور منظور ٹنگڑی واہ سے پانی چوری کرتے ہیں جس سے روکنے پر انہوں نے میرے گھر حملہ کر کے خواتین اور بچوں کو تشدد کا نشانہ بنایا اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں ۔شکایت کے باوجود ہوسڑی کے وڈ تھانے کی پولیس نے کوئی کارروائی کرنے کے بجائے ہمارے خلاف ہی جھوٹی ایف آئی آر درج کرادی۔ اس نے بااثر زمینداروں کے خلاف کارروائی اور جھوٹا مقدمہ درج کرانے کا مطالبہ کیا۔ روہڑی کی نواحی تحصیل صالح پٹ کے علاقے آر ڈی 202 کے رہائشی غلام اکبر بھمبھرونے احتجاج کرتے ہوئے بتایا کہ دیہہ چنڈرجی میں میری زرعی زمینیں ہیں جن میں بجلی کے کھمبے لگانے کیلئے مجھے خراب ہونے والی فصل کا معاوضہ دینے کا وعدہ کیا گیا تھا لیکن 5 ماہ گزرنے کے باوجود معاوضہ ادا نہیں کیا جارہا ۔اس نے متعلقہ اداروں کے اعلی حکام سے معاوضے کی ادائیگی کا مطالبہ کیا۔ شاہپوچاکر میں سنجرانی برادری کے سیکڑوں افراد نے علمدار چوک سے پریس کلب تک ریلی نکال کر پریس کلب کے سامنے نعرے بازی کرتے ہوئے رئیس نصراللہ سنجرانی کے میڈیا ٹرائل کی شدید مذمت کی اور کہا کہ ہم کسی صورت اپنے معززین کے خلاف میڈیا ٹرائل، جھوٹے ڈرامے اور زمین پر قبضہ برداشت نہیں کریں گے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں