جماعت اسلامی کا15 مئی سے انفاق فی سبیل اللہ مہم کا اعلان

جماعت اسلامی کا15 مئی سے انفاق فی سبیل اللہ مہم کا اعلان

ہماری دینی و سیاسی سرگرمیوں کا مقصد قرآن و سنت کا نظام اور رب کی رضا، حسین محنتیمہم جولائی تک جاری رہے گی، کارکنان جماعت اسلامی کی سرگرمیوں سے آگاہ کریں

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی سندھ نے 15 مئی سے صوبہ بھر میں انفاق فی سبیل اللہ مہم کا اعلان کردیا۔ صوبائی امیر و سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ جماعت اسلامی نے اپنے قیام کے پہلے دن سے اپنی جدوجہد کا مرکز و محور ملک میں اسلام کا عادلانہ نظام قائم کرنا بنایا ہواہے ، ہمارے جلسے جلوس، مظاہرے اور ریلیوں سمیت تمام دینی و سیاسی سرگرمیوں کا مقصد قرآن و سنت کا نظام اور رب کی رضا ہے، اہل خیر حضرات انفاق فی سبیل اللہ مہم میں بھرپور حصہ لیکر غلبہ اسلام کی جدوجہد میں تعاون کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان بننے کے بعد لوگوں نے دین اسلام اور اسلامی روایات و اقدار کو چھوڑ دیا جس کی وجہ سے آج ہم دھکے کھا رہے ہیں، اس لئے جماعت اسلامی نے اپنے قیام کے اول روز سے اسلامی نظام کے قیام کو ہی اپنا مرکز و محور بنایا ہوا ہے ، پاکستان بننے کے بعد اسلامی نظام کے لئے جماعت اسلامی نے ملک بھر میں جدوجہد کی۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی انفاق فی سبیل اللہ مہم 15 مئی سے شروع اور جون، جولائی تک جاری رہے گی، کارکنان و ذمہ داران مخیر حضرات تک پہنچیں اور انہیں پارلیمنٹ کے اندر و باہر اسلامی نظام کے قیام کے حوالے سے جماعت اسلامی کی جدوجہد، اصلاح معاشرہ و فلاحی سرگرمیوں سے آگاہ کریں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں