مسائل کے حل کیلئے با اختیار بلدیاتی نظام ضروری، خرم شیر زمان

مسائل کے حل کیلئے با اختیار بلدیاتی نظام ضروری، خرم شیر زمان

اٹھارویں ترمیم کی آڑ میں پیپلز پارٹی نے ہمیشہ کراچی کے ساتھ زیادتی کی ہے،تحریک انصاف نے کراچی کے حقوق کی بات کی، شہر کیلئے آواز اٹھائی ،رکن اسمبلی

کراچی(این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ اس وقت شہر قائد بلدیاتی مسائل سے جکڑا ہوا ہے اور ان مسائل کے حل کے لئے ہمیں ایک مضبوط اور با اختیار بلدیاتی نظام کی ضرورت ہے ۔اٹھارویں ترمیم کی آڑ میں پیپلز پارٹی نے ہمیشہ کراچی کے ساتھ زیادتی کی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے حلقہ پی ایس 110 کے دورے کے موقع پر علاقہ مکینوں اور کارکنان سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ خرم شیر زمان نے اپنے حلقے میں جاری ترقیاتی کام کا جائزہ بھی لیا۔خرم شیر زمان کا مزید کہنا تھا کہ کراچی ترقیاتی پیکیج کے تحت تمام منتخب ارکان اپنے حلقوں میں ترقیاتی کام کروارہے ہیں۔ پی ایس 110 میں عوامی شکایات کو مدنظر رکھتے ہوئے ترقیاتی کام کیے جارہے ہیں۔ سڑکوں کی مرمت، سیوریج کی لائنیں، اسٹریٹ لائٹس کا قیام عوامی ریلیف کیلئے ممکن بنایا جارہا ہے ۔ پاکستان تحریک انصاف نے کراچی کے حقوق کی بات کی، شہر کیلئے آواز اٹھائی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی واحد جماعت ہے جسے کراچی کے عوام نے مینڈیٹ دیا ہے ۔ پاکستان تحریک انصاف نے شہر کی ہر گلی میدان پارک کی رونقیں بحال کرنے کا بیڑا اٹھایا ہے ۔ خرم شیر زمان کا مزید کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت نے ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت کراچی کی رونقیں چھینی ہیں، وزیراعظم کراچی کے عوام کو کبھی اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں