آلائشیں اٹھانے کے کام کو مزید بہتر اور تیز کرنے کی ہدایت

آلائشیں اٹھانے کے کام کو مزید بہتر اور تیز کرنے کی ہدایت

مرتضیٰ وہاب کا ضلع وسطی کے مختلف علاقوں کا دورہ، آلائشیں اٹھانے کے کام کا جائزہ لیا،چاروں زونز سے آلائشوں کو ڈمپنگ پوائنٹ منتقل کر دیاگیا، ڈاکٹر دھاریجو کی بریفنگ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ضلع وسطی کے مختلف علاقوں کا دورہ کر کے آلائشیں اٹھانے کے کام کا جائزہ لیا۔ انہوں نے دورے کے دوران لیاقت آباد، ناظم آباد عیدگاہ، نارتھ ناظم آباد اور نیو کراچی میں قائم کلیکشن پوائنٹس پر آلائشوں کو ڈمپنگ پوائنٹ منتقل کرنے کے کام کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد بخش دھاریجو، میونسپل کمشنر بلدیہ وسطی ڈاکٹر سید محمد علی زیدی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو اٹھانے اور ٹھکانے لگانے کے حوالے سے کئے گئے اقدامات سے آگاہی حاصل کی، جبکہ عوام کو مکمل ریلیف فراہم کرنے کے لئے آلائشیں اٹھانے اور کچرے کو ٹھکانے لگانے کے کام کو مزید بہتر و تیز کرنے کی ہدایات دیں۔ اس موقع پر ڈاکٹر محمد بخش دھاریجو نے بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کو ضلع وسطی میں عید کے پہلے اور دوسرے روز آلائشوں کو اٹھانے کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ واضح رہے کہ ضلع وسطی کے چاروں زونز سے لاکھوں آلائشوں کو رہائشی علاقوں سے اٹھا کر ڈمپنگ پوائنٹ جام چاکرو منتقل کر دیا گیا۔ آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کے لئے بلدیہ وسطی کے عملے کے علاوہ روزانہ کی اجرت پر حاصل کئے گئے مزدور اور نجی ٹرانسپورٹرز سے حاصل کی گئی گاڑیوں نے بھی حصہ لیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں