ایڈمنسٹریٹرز نالوں کی صفائی کی نگرانی کریں،مرتضیٰ وہاب

ایڈمنسٹریٹرز نالوں کی صفائی کی نگرانی کریں،مرتضیٰ وہاب

برساتی پانی کی نکاسی کاانتظام اورعملے ، مشینری کو تیارحالت میں رکھا جائے،ایڈمنسٹریٹرکراچی کی زیرصدارت ساتوں اضلاع کے حوالے سے علیحدہ علیحدہ اجلاس

کراچی (اسٹاف رپورٹر )ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی صدارت میں منگل کوکے ایم سی بلڈنگ میں اعلیٰ سطح کے اجلاس منعقد ہوئے جس میں کراچی کے ساتوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، ایڈمنسٹریٹرز، میونسپل کمشنرز، فوکل پرسنز نے شرکت کی۔ ایڈمنسٹریٹر کراچی کی صدارت میں ہونے والے علیحدہ علیحدہ اجلاس میں ساتوں اضلاع میں ترقیاتی کاموں کے علاوہ کراچی میں بارش کے نئے اسپیل سے پیدا ہونے والی متوقع صورتحال پر انتظامی امور کا جائزہ لیا گیا۔ ایڈمنسٹریٹر کراچی نے ہدایت کی کہ تمام اضلاع اپنے اپنے علاقوں میں برساتی پانی کی نکاسی کا بھرپور انتظام کریں، عملے اور مشینری کو تیار حالت میں رکھا جائے تاکہ بارش ہونے کی صورت میں فوری کارروائی عمل میں لائی جاسکے ،سڑکوں اور گلیوں سے فوری پانی کی نکاسی شروع کی جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ تمام اضلاع کے افسران آپس میں باہمی رابطے کے ذریعے کاموں میں رکاوٹوں کو دور کریں اور شہر کے لئے مل کر کام کریں۔ ایڈمنسٹریٹر مرتضیٰ وہاب نے تمام ضلعوں کے ایڈمنسٹریٹرز کو ہدایت کی کہ وہ برساتی نالوں کی صفائی کی نگرانی کریں اور بارش کی صورت میں پانی کی نکاسی کو یقینی بنائیں۔ علاوہ ازیں منوڑہ کنٹونمنٹ بورڈز کے الیکشن میں منتخب نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات میں پیپلز پارٹی نے تاریخی فتح حاصل کی ہے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں