سات روزہ انسداد پولیو مہم پیرسے شروع ہو گی

سات روزہ انسداد پولیو مہم پیرسے شروع ہو گی

مہم کے دوران 23 لاکھ سے زائدبچوں کو قطرے پلائے جائیں گے،پولیو ورکرز کے لئے ماسک لازمی اور تعیناتی سے قبل بخار چیک کرانا ہوگا

کراچی (اسٹا ف رپورٹر )کراچی میں سات روزہ انسداد پولیو مہم پیرسے شروع ہو گی ۔ اس بات کا فیصلہ کمشنر کراچی نوید شیخ کی زیر صدارت ان کے دفتر میں انسداد پولیو مہم کے انتظامات کا جائزہ لینے والے اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں کو آرڈی نیٹر سندھ برائے ایمر جنسی آپریشن سینٹر فیاض جتوئی ، ایڈیشنل کمشنر کراچی II جواد مظفر ،بل اینڈ ملنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کی نمائندہ ڈاکٹر ایرن اسٹکی،تمام ڈپٹی کمشنرز، محکمہ صحت اور ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے افسران، اسسٹنٹ کمشنر جنرل اعجاز حسین رند ، یونیسیف اور عالمی ادارہ صحت کے نمائندوں اور دیگر نے شرکت کی ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ انکار کرنے اور رہ جانے والے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کے لئے مربوط کوششیں کی جائیں گی، اس سلسلہ میں ڈپٹی کمشنرز نمایا ں کردار ادا کریں گے ۔ علما کرام، مذہبی رہنماؤں ، سیاسی شخصیات ،سماجی کارکن کمیونٹی کے لوگوں، والدین اور رائے عامہ کے ماہرین سے مدد لی جائے گی ۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ مہم کے دوران 23 لاکھ سے زائدبچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے جبکہ مہم میں23 ہزار آٹھ سو 88 پولیو ورکرز اور دیگر عملہ کے ارکان فرائض انجام دیں گے ۔اجلاس کو بتایا گیا کہ کورونا ایس او پیز کے تقاضوں کو مدنظررکھنے کے لئے فرائض کی ادائیگی کے وقت پولیو ورکرز کے لئے لازمی ہوگا کہ وہ ماسک پہن کر رہیں اور تعیناتی سے قبل ان کا بخار چیک کیا جائے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں