خیرپور،شوہرنے بیوی کو قتل کرکے لاش صحن میں دفنادی

خیرپور،شوہرنے بیوی کو قتل کرکے لاش صحن میں دفنادی

خیرپور، اندرون سندھ (نمائندگان دنیا، بیورو رپورٹ) خیرپور کی تحصیل نارہ کے کینھواری تھانے کی حدود میں سفاک شوہر اظہار لوند نے گھریلو تنازع پر اپنی بیوی شاہینہ کو قتل کرنے کے بعد لاش گھر کے صحن میں دفن کردی۔

اہل محلے کی اطلاع پر پولیس نے ملزم کوگرفتار کرکے لاش پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کردی ۔ دریں اثنا خیرپور کے تھانہ چونڈکو کی حدود میرجوحاتو میں زمین کے تنازع پر گوپانگ اور بگٹی برادری کے دوگروپوں کے تصادم میں خاتون سمیت تین افراد زخمی ہوگئے ۔ سکھر کے تھانہ ائرپورٹ کی حدود بچل شاہ میانی میں جتوئی برادری کے افراد میں راستے کی بات پرجھگڑا ہو گیا جس میں ایک دوسرے پر فائرنگ سے علی جان جتوئی موقع پر جاں بحق جبکہ سلیمان بڈانی زخمی ہوگیا۔ تلہار کے قریب کاری موری کے پاس ٹریکٹر کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار نوجوان صدام بھرانی ہلاک ہوگیا جبکہ ٹریکٹر ڈرائیور فرار ہو گیا۔ ٹنڈوآدم میں پنجاب سے کراچی جانے والی مال بردار ٹرین کی زد میں آکر 45 سالہ آتم بھیل کا ہاتھ کٹ گیا جسے تشویشناک حالت میں حیدرآباد سول اسپتال روانہ کردیا گیا۔ لاڑکانہ سے نمائندے کے مطابق تھانہ دڑی کی حدود میں گزشتہ روز مسلح افراد کی فائرنگ سے قتل ہلاک ہونے والے چانڈکا اسپتال کے ملازم عارف عباسی کی نماز جنازہ اتاترک ٹاور کے قریب ادا کی گئی ،بعد ازاں میت کو ابوبکر قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا، دو روز گزرنے کے باوجود واقعے کا مقدمہ درج نہیں ہوسکا اور نہ کوئی گرفتاری عمل میں آسکی۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں