کروڈ آئل کی چوری کیلئے بنائی گئی 166 فٹ طویل سرنگ پکڑی گئی

کروڈ آئل کی چوری کیلئے بنائی گئی 166 فٹ طویل سرنگ پکڑی گئی

کراچی (رپورٹ: آغا طارق) کراچی سے لاہور جانے والی نجی کمپنی کی کروڈ آئل کی مین لائن سے کئی ماہ سے تیل چوری کے انکشاف کے بعد پولیس اور نجی کمپنی نے کارروائی کرتے ہوئے تیل چوری کرنے کا سامان برآمد کر لیا۔۔۔

ملزمان 166 فٹ طویل سرنگ کے ذریعے تیل چوری کرتے تھے۔ کراچی سے لاہور جانے والی زیر زمین نجی کمپنی کی مین پائپ لائن سے کئی ماہ سے بڑے پیمانے پر کروڈ آئل چوری کئے جانے کے انکشاف پر شرافی گوٹھ پولیس نے نجی تیل کمپنی کی انتظامیہ کے ہمراہ مانسہرہ کالونی ملیر ندی کے قریب کارروائی کر کے خالی پلاٹ سے تیل چوری کرنے کا سامان برآمد کرلیا ۔ اسی پلاٹ کے اندر 166فٹ طویل سرنگ کے ذریعے گزشتہ کئی ماہ سے کروڈ آئل چوری کیا جا رہا تھا۔ ملزمان نے کروڈ آئل کی مین لائن میں کنڈا لگایا ہوا تھا ۔ شرافی گوٹھ پولیس نے کمپنی کے ملازم عزیز الرحمن کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے واقعہ کی تحقیقات شروع کردی ہے ، جبکہ پلاٹ کے مالک عالم خان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں ۔ واضح رہے کہ 2 ماہ میں ضلع ملیر سے سرکاری تیل چوری کرنے کی تیسری لائن پکڑی گئی ہے ۔ ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر نے روزنامہ دنیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملزمان بڑی ہوشیاری سے خالی پلاٹ میں سرنگ بناکر اس کے ذریعے تیل لائن تک راستہ بنا کر کروڈ آئل چوری کرتے تھے ، تمام ملزمان کو جلدگرفتار کر لیا جائے گا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں