ویسٹ وہارف روڈ پر کھلے گٹرحادثات کاسبب بننے لگے

ویسٹ وہارف روڈ پر کھلے گٹرحادثات کاسبب بننے لگے

کراچی (این این آئی) ویسٹ وہارف روڈ تعمیر مکمل ہونے کے باوجود شہریوں کے لئے وبال بن گیا۔ کے ایم سی انتظامیہ گٹر کے اوپر ڈھکن لگانا بھول گئی۔

 شہریوں کی بڑی تعداد ویسٹ وہارف روڈ سڑک کی استرکاری کے باوجود کھلے مین ہولز میں گر کر زخمی ہونے لگی۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے معاشی حب والے علاقے ویسٹ وہارف روڈ پر کراچی میونسپل کارپوریشن کی جانب سے 2 ماہ قبل ہی سڑک کی استر کاری کی گئی ہے، مگر کے ایم سی والے سڑک کی تعمیر مکمل کرکے گٹر کے ڈھکن لگانا بھول گئے اور بھولے بھی ایسے کہ مہینہ گزرچکا ہے، سڑک کی استرکاری کے بعد موٹر سائیکل سوار صاف ستھرا نیا روڈ دیکھ کر اپنی گاڑیاں دوڑاتے ہوئے انجانے میں کھلے ہوئے گٹروں میں گر کر بری طرح زخمی ہورہے ہیں اور ساتھ میں موٹر سائیکلوں کے پرزے بھی گٹر میں گرنے کے باعث ٹوٹ رہے ہیں، بالخصوص رات کے اوقات میں شہریوں کی موٹرسائیکلوں کے ٹائر گٹروں پر ڈھکن نہ ہونے کی وجہ سے پھنس جاتے ہیں اور شہری سڑک پر گر کر زخمی ہو جاتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ویسٹ وہارف روڈ کی تعمیر ومرمت مکمل ہونے کے باوجود ابھی تک پوری سڑک پر 13گٹروں کے ڈھکن کھلے ہوئے ہیں۔ شہریوں نے ایڈمنسٹریٹر کراچی سے مطالبہ کیا ہے کہ جلد از جلد ویسٹ وہارف روڈ پر کھلے ہوئے گٹروں کے اوپر ڈھکن لگائے جائیں۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں