سڑکوں کو درست کرنے کیلئے اقدامات کر رہے، ایڈمنسٹریٹر شرقی

سڑکوں کو درست کرنے کیلئے اقدامات کر رہے، ایڈمنسٹریٹر شرقی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایڈمنسٹریٹر شرقی سید شکیل احمد نے کہا ہے کہ بلدیاتی مسائل حل کرنے کیلئے تمام محکموں کو کردار ادا کرنا ہوگا، چیزوں کو درست کرنے میں مصروف ہیں، جس سے ضلع کی صورتحال میں بہتری آرہی ہے۔۔۔

پارکوں کو ہرا بھرا رکھنے کیلئے نرسریوں کو مزید بہتر بنانا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف علاقوں اور گرومندر نرسری کے معائنے کے دوران کیا۔ انہوں نے شہریوں کو درپیش مسائل فوری حل کرنے کی ہدایت کی اور افسران کو پابند کیا کہ علاقائی دوروں کے دوران جو بھی احکامات جاری کئے جارہے ہیں ان پر عمل درآمد یقینی بناکر رپورٹ پیش کی جائے، ضلع شرقی میں سڑکوں کے نیٹ ورک کو درست کرنے کیلئے مرحلہ وار اقدامات کر رہے ہیں، جہاں فوری کام کرنے کی ضرورت ہے وہاں سڑکوں کو موٹرایبل بنایا جارہا ہے، علاقوں میں موجود بلدیاتی مسائل حل کرنا ترجیح ہے۔ گرومندر پر پودوں کی نرسری کے معائنے کے دوران انہوں نے کہا کہ نرسریاں ضلع شرقی کی ہریالی اور پارکوں کی بہتری کی ضامن ہیں، انہیں بہتر بنانے کیلئے اقدامات کئے جائیں، نرسریوں میں نباتات کے رموز اور پرورش کو بہتر طریقے سے سمجھنے والے عملے کو تعینات کیا جائے تاکہ مستقبل میں نرسریوں سے بھرپور استفادہ کیا جاسکے ۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ سپرنٹنڈنگ انجینئر ایم اینڈ ای مبین شیخ، فوکل پرسن امتیاز بھٹو، ایگزیکٹو انجینئر بی اینڈ آرسید جمال عباس بھی موجود تھے۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں