ٹرک اور پک اپ میں تصادم، ایک شخص جاں بحق

ٹرک اور پک اپ میں تصادم، ایک شخص جاں بحق

کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہر کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات کے نتیجے میں 4افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہوگئے ،جبکہ ناتھا خان پل پر مچھلی کا فضلہ گرنے کے باعث پھسلن سے خواتین سمیت متعدد موٹرسائیکل سوارزخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق منگھوپیر کے علاقے ناردرن بائی پاس  پاکستان ہوٹل کے قریب ٹرک کھائی میں گرنے سے ڈرائیور 36 سالہ ممتاز ولد خدا یار جاں بحق ہوگیا۔اسی تھانے کی حدود ناردرن بائی پاس پاکستان کانٹاکے قریب ٹرک اور پک اپ میں تصادم کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق او رایک زخمی ہوگیا۔ متوفی کی شناخت 28سالہ فیضان ولد راجہ برکت اور مضروب کی شناخت 24سالہ راجہ رئیس ولد راجہ برکت کے نام سے ہوئی۔ متوفی اور مضروب بھائی اور حب کے رہائشی بتائے جاتے ہیں۔ سائٹ سپر ہائی وے صنعتی ایریا میں ٹریفک حادثے میں ایک نوجوان جاں بحق ہوگیا، جس کی لاش عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی۔ فوری طور پر متوفی کی شناخت نہیں ہوسکی۔ اس کی عمر 28برس کے قریب بتائی جاتی ہے ۔ بہادرآباد کے علاقے مین شارع فیصل پرنامعلوم گاڑی کی ٹکر سے شدید زخمی ہونے والا موٹرسائیکل سوار نوجوان دوران علاج جناح اسپتال میں دم توڑ گیا، جس کی شناخت 25 سالہ اسامہ ولد ایاز کے نام سے ہوئی جو لیاری کا رہائشی بتایا جاتا ہے۔ پریڈی کے علاقے صدر زینب مارکیٹ کے قریب ٹریفک حادثے میں 3 نوجوان 17 سالہ تنزیل، 17 سالہ احمد اور 16 سالہ طلحہ زخمی ہو گئے۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں