پیپلز پارٹی نے کراچی سے جعلی مینڈیٹ حاصل کیا،شاہی سید

پیپلز پارٹی نے کراچی سے جعلی مینڈیٹ حاصل کیا،شاہی سید

کراچی (اسٹاف رپورٹر) عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے صدر شاہی سید نے کہا ہے کہ ڈومیسائل کے نام پر کراچی کے شہریوں کے ساتھ امتیازی سلوک بند کیا جائے ،شہریت کے قانون میں تبدیلی کی ضرورت ہے۔۔۔

الیکشن سسٹم میں ریفارمز وقت کی ضرورت ہے، حالیہ ہونے والے کراچی کے بلدیاتی انتخابات کے نتائج پر بھی انگلیاں اٹھ رہی ہیں، پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت نے سرکاری وسائل اور آر اوز کی مدد سے انتخابات میں حصہ لیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو باچا خان مرکز پر صوبائی کونسل کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس میں کیا۔ اجلاس میں سندھ کے جنرل سیکریٹری یونس خان بونیری اور دیگر بھی موجود تھے ۔ اجلاس میں مختلف اضلاع کے عہدیداروں نے کارکردگی رپورٹ پیش کی۔ شاہی سید نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت نے سرکاری وسائل اور آر اوز کی مدد سے انتخابات میں حصہ لیا، الیکشن مہم کے لئے شہر کے مخصوص علاقوں میں اربوں روپے کے غیر معیاری ترقیاتی کام بغیر کسی ٹینڈر کے کرائے گئے ، ان منصوبوں میں ایک طرف تو اربوں روپے کی کرپشن ہوئی جبکہ دوسری جانب ان غیر معیاری کاموں کو سیاسی رشوت کے طور پر استعمال کیا گیا، پیپلز پارٹی کا یہ عمل کراچی شہر کے بلدیاتی انتخابات میں دھاندلی کی بنیاد بنا، جبکہ انتخابات کے نتائج کو تبدیل کرکے پیپلز پارٹی نے جعلی مینڈیٹ حاصل کیا۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں