جناح اسپتال میں جدید طبی آلات کیلئے 4.1 ملین ڈالر گرانٹ کا اعلان

جناح  اسپتال  میں  جدید  طبی  آلات  کیلئے  4.1  ملین  ڈالر  گرانٹ  کا  اعلان

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے جناح پوسٹ میڈیکل سینٹر (جے پی ایم سی) میں پرانی سائبر نائف مشینوں اور آلات کو جدید ترین ٹیکنالوجی سے تبدیل کرنے کے لیے پیشنٹ ایڈ فاؤنڈیشن (پی اے ایف) کو 4.1 ملین ڈالر کے مساوی گرانٹ دینے کا اعلان کیا ہے۔۔۔

 تاکہ پورے ملک کے مریض فائدہ اٹھا سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جناح اسپتال دنیا کے ان دس مراکز میں شامل ہے جہاں سائبر نائف اور ٹومو تھراپی کی سہولتیں موجود ہیں ، ہم اپنے اسپتالوں میں بلا تفریق مفت علاج مہیا کرتے ہیں، کینسر کا علاج انتہائی مہنگا اور عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہے، لیکن سندھ حکومت مفت فراہم کرتی ہے۔ یہ بات انہوں نے سندھ حکومت اور پیشنٹ ایڈ فاؤنڈیشن کے درمیان ورکنگ پارٹنر شپ کو فروغ دینے کے معاہدے پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹرکراچی کے مختلف منصوبوں، خاص طور پر کیوب نائف کے لیے اتوار کو ایک مقامی ہوٹل میں پروگرام منعقد کیا گیا۔ تقریب میں صوبائی وزیر صحت عذرا فضل پیچوہو، مشیر قانون مرتضیٰ وہاب، پارلیمانی سیکریٹری برائے صحت قاسم سومرو ، چیف سیکریٹری سندھ سہیل راجپوت، سیکریٹری صحت ذوالفقار علی شاہ، ایگزیکٹو ڈائریکٹر جناح اسپتال پروفیسر ڈاکٹر شاہد رسول، چیئرمین پیشنٹس ایڈمشتاق چھاپڑا ، سائبر نائف یونٹ کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر طارق محمود اور جناح اسپتال کے مختلف سربراہوں سمیت ڈونرز اور سول سوسائٹی کے افراد نے شرکت کی۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ انہیں بتایا گیا ہے کہ سائبر نائف کی سہولت کے پاس تقریباً 2000 مریضوں کی ویٹنگ لسٹ ہے، اس سنگین صورتحال سے نمٹنے کے لیے انہوں نے پیشنٹ ایڈ فاؤنڈیشن کی سالانہ گرانٹ 340 ملین روپے سے بڑھا کر اگلے مالی سال سے 540 ملین روپے کرنے کا اعلان کیا۔ پیشنٹ ایڈ فاؤنڈیشن 1991 سے جناح اسپتال میں غریب مریضوں کی خدمت کر رہی ہے۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ جناح اسپتال کی سندھ حکومت کو منتقلی کے بعد پیشنٹ ایڈ فاؤنڈیشن (پی اے ایف) نے اسپتال کے بستروں کی گنجائش 1100 سے بڑھا کر 2208 بستروں تک کر دی ہے، جس کے لیے ان کی حکومت نے جناح اسپتال کے لئے اگلے مالی سال کے بجٹ کے لیے بستروں کی اس نئی تعداد کو پہلے ہی مطلع کر دیا ہے۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں