شہدادکوٹ میں 15سیلاب متاثرہ جوڑوں کی اجتماعی شادی

شہدادکوٹ میں 15سیلاب متاثرہ جوڑوں کی اجتماعی شادی

شہداد کوٹ، جھڈو (نمائندگان دنیا) شہدادکوٹ میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے 15 غریب جوڑوں کی اجتماعی شادیاں اصغریہ پاکستان کے زیر اہتمام کرائی گئیں ۔تقریب نکاح میں باراتیوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب میں جوڑوں کو جہیز کا مفت سامان بھی فراہم کیا گیا جبکہ شادی کرنے والے جوڑوں اور باراتیوں کی بریانی اور میٹھے سے خاطر تواضع کی گئی۔ اس موقع پر عبدالرزاق بلوچ، حیدر علی شجاعی، نیاز بھٹی اور دیگر کا کہنا تھا کہ ہمارے علاقے میں سیلاب آنے کے بعد متاثرین کی معمولاتِ زندگی کی بحالی مشکل ہوگئی تھی،غریب لوگ بیٹیوں کی شادیاں کرانے سے قاصر ہیں، ہم اجتماعی شادیاں کراکرسماجی بھلائی کی جانب بڑھ رہے ہیں جس میں تمام مکاتب فکر کو مشترکہ طور پر حصہ ڈالنا چاہیے۔ جھڈو کے نواحی گاؤں غلام حسین پتافی میں سیلاب متاثرین کے لیے 32گھروں پر مشتمل اوسر ماڈل ولیج کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا ، سندھ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن(یوکے ) کے تعاون سے ماڈل ولیج کا قیام اوسر فاؤنڈیشن ٹرسٹ کے زیر انتظام کیا جارہا ہے ، ماڈل ولیج میں گھروں کی تعمیر کے ساتھ اسکول مسجد اور طبی سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی،ماڈل ولیج کا سنگ بنیاد سندھ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن یو کے صدر ڈاکٹر شاہ بخش لاشاری نے کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ اوسر فاؤنڈیشن کے چیئرمین امتیاز احمد عرسیانی، غزالہ عرسیانی،شیر گل,بلال،نثار پتافی اور دیگرموجود تھے ، ڈاکٹر شاہ بخش لاشاری اور امتیاز احمد عرسیانی نے کہاکہ متاثرین سیلاب کو سندھ کے ڈاکٹرز نے کبھی فراموش نہیں کیا، سندھ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن اور اوسر فاؤنڈیشن کا یہ سیلاب متاثرین کے لیے پہلا رہائشی پراجیکٹ ہے اور مزید رہائشی پراجیکٹ بھی سیلاب متاثرہ علاقوں کو دیے جائیں گے۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں