پاکستان نے کشمیر کی آزادی کے کئی مواقع ضائع کئے، معین حیدر

پاکستان نے کشمیر کی آزادی کے کئی مواقع ضائع کئے، معین حیدر

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سابق گورنر سندھ لیفٹیننٹ جنرل (ر) معین الدین حیدر نے کہا ہے کہ پاکستان کی شہ رگ بھارت کے قبضے میں ہونے کے باوجود ہم 76 سال سے زندہ ہیں یہ سوچنے کی بات ہے۔۔۔

 پاکستان نے کشمیر کی آزادی کے کئی مواقع ضائع کئے، 1965میں کشمیر پر حملہ کیا گیا، بدقسمتی سے وہ کامیاب نہ ہو سکا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیر اہتمام کرنل افتخار احمدکی کتاب کشمیر تقسیم کا نامکمل ایجنڈا ہے کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ 20جہادی تنظیموں نے بھارت کو بہت مجبور کیا، لیکن کارگل نے اس کو پیچھے کر دیا، جنرل پرویز مشرف کے دور میں بات کافی حد تک آگے بڑھ چکی تھی، مگر جنرل پرویز مشرف کے خلاف تحریک میں من موہن سنگھ کا دورہ ملتوی ہو گیا، لیکن مجھے امید ہے کہ مسئلہ کشمیر ضرور حل ہو گا۔ سابق وفاقی وزیر قانون بیرسٹر شاہدہ جمیل نے کہا کہ بھارت کشمیر ہی میں نہیں بلکہ پاکستان میں بھی دہشت گردی کی پشت پناہی کر رہا ہے۔ آل پارٹیز حریت کانفرنس کے سیکریٹری جنرل شیخ متین احمد نے کہا کہ کشمیر تقسیم کشمیر کا نامکمل ایجنڈا ہے۔ بشیر سدوزئی نے کہا کہ 76 برس کے دوران ہم دنیا کو قائل کرنے میں ناکام ہو گئے، بھارتی قیادت ہر گزرتے وقت کے ساتھ کشمیر پر قبضے کو مضبوط کرنے میں مصروف ہے، ہمیں اس کا سدباب کرنا ہوگا۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں