مزدوروں کے لئے بینظیر بھٹو مزدور کارڈ کا اجراجاری
کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر محنت و افرادی قوت سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ سندھ ایمپلائز سوشل سیکیورٹی انسٹیٹیوشن (سیسی) کے تحت مزدوروں کے لئے بینظیر بھٹو مزدور کارڈ کا اجرا تیزی سے جاری ہے۔۔۔
چاہتے ہیں یکم مئی تک باقی ماندہ رجسٹرڈ مزدوروں کو بھی یہ کارڈز جاری ہوجائیں۔ نادرا تمام بڑے صنعتی یونٹس، ان کی لیبر کالونیوں اور صنعتکاروں کی ایسوسی ایشنز کے ساتھ مل کر اس کام کو تیزی سے مکمل کرے تاکہ مزدوروں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم ہوسکیں، اب تک 88 ہزار سے زائد مزدوروں کی نادرا میں انرولمنٹ کی گئی ہے جبکہ 60 ہزار سے زائد مزدوروں کو کارڈز فراہم کردئیے گئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو چیئرمین نادرا طارق ملک سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر کمشنر سیسی اختر قریشی، وائس کمشنر صفدر رضوی، ڈی جی پروجیکٹ نادرا برائے بینظیر مزدور کارڈ رحمان قمر، پروگرام منیجر نادرا زاہد عباس رانجھا، ممبر گورننگ باڈی سیسی محمد خان ابڑو، ڈائریکٹر کنٹری بیوشن سیسی عنبرین کامل، ڈائریکٹر ایڈمن زاہد بٹ، ڈائریکٹر پروکیورمنٹ ڈاکٹر اعظم سلہری، ڈاکٹر سعادت میمن و دیگر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر چیئرمین نادرا اور صوبائی وزیر محنت نے بینظیر مزدور کارڈ کے اجرا کی پیش رفت اور اس میں درپیش مسائل اور ان کے فوری حل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر نادرا کے ڈائریکٹرز نے کارڈز کے اجرا کو تیز کرنے سمیت دیگر پر صوبائی وزیر کو تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔