مختلف واقعات میں دو بچوں سمیت 6افراد جاں بحق

مختلف واقعات میں دو بچوں سمیت 6افراد جاں بحق

تھرپارکر،اندرون سندھ(نمائندگان دنیا) کلوئی کے قریب گاؤں موڈور میں ناقص مٹیریل سے بنی پانی کی ٹینکی پھٹنے سے خاتون نہراں اور دو بچے عدنان ،عبدالحفیظ جاں بحق ہوگئے۔

جاں بحق خاتون اور ایک بچے کا تعلق گاؤں روہڑی سے بتایا جاتا ہے جو اپنے رشتے داروں سے ملنے آئے تھے۔ دولت پور سے نمائندے کے مطابق النور شوگر ملز کے ملازمین کے کوارٹر سے ملز کے ملازم ہادی بخش کھوسو کی تشدد زدہ لاش برآمد ہوئی ہے جس کے منہ اور ناک پر بجلی کی تار لپٹی ہوئی تھی ۔متوفی کا تعلق کریم آباد کے نواحی گاؤں رسول بخش کھوسو سے بتایا جاتا ہے اور اس کے ورثا نے قتل کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ پڈعیدن سے نمائندے کے مطابق نواحی علاقے بھریاروڈ کے کیریا محلے سے پولیس کو مقامی لوگوں کی اطلاع پر ایک مکان سے پچاس سالہ خالد عرف گلو کی چاقوئوں کے وار سے چھلنی لاش ملی۔ پولیس کے مطابق خالد راجپوت بھریاروڈ میں سروس پمپ پر ملازمت کرتا تھا اور گھر میں اکیلا رہتا تھا جسے ملزمان نے بے دردی سے خنجروں کے پے درپے وار کرکے قتل کیا ہے۔ تلہار سے نمائندے کے مطابق ڈندو ماتلی روڈ پر گاڑی کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار نوجوان ونیش کولہی ہلاک اور فقیرو کولہی شدید زخمی ہوگیا جبکہ گاڑی کا ڈرائیور گاڑی چھوڑ کر فرار ہوگیا جسے پولیس نے تحویل میں لے لیا۔ دریں اثنا مویشی منڈی کے پاس تیز رفتار گاڑی ٹائر پھٹ جانے کے باعث الٹنے سے حیدرآباد کے بیوپاری انیس،عابد،کاشف زاہد قریشی سمیت پانچ افراد سخت زخمی ہو گئے۔ سجاول سے نمائندے کے مطابق سجاول سے تعلق رکھنے والا فوجی جوان 45 سالہ سپاہی قربان علی سرگودھا میں ڈیوٹی کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے خالق حقیقی سے جاملا۔جس کے جسدخاکی کو اس کے آبائی گائوں میں فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا ۔ 

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں