نوجوان آئی ٹی میں مقابلہ کرنے کیلئے مصنوعی ذہانت سیکھیں، صدرعارف علوی

نوجوان آئی ٹی میں مقابلہ کرنے کیلئے مصنوعی ذہانت سیکھیں، صدرعارف علوی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستانی طلبا پر زور دیا ہے کہ وہ جدید آئی ٹی صنعتی دور میں مقابلہ کرنے کے لیے مصنوعی ذہانت سیکھیں اور اس کا خود پراطلاق کریں۔۔۔

آئی ٹی کے شعبے میں کافی مواقع موجود ہیں، جن سے نوجوان فائدہ اٹھاکر ملک کی معاشی خوشحالی میں اپنا حصہ ڈال سکتے ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ہفتہ کو جامعہ کراچی میں پاکستان کے لیے ناگزیر روایتی اور غیر روایتی سیکیورٹی کے عنوان سے منعقدہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر کراچی یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر خالد ایم عراقی، ایگزیکٹو ڈائریکٹر سی آئی ایس ایس ایس، سفیر قاضی خلیل اللہ، چیئرپرسن شعبہ بین الاقوامی تعلقات کراچی یونیورسٹی ڈاکٹر شائستہ تبسم، اساتذہ اور طلبہ بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مزید کہا کہ صحت مند اور متوازن معاشرے کے قیام کے لیے لوگوں کو تعلیم اور صحت کی بنیادی سہولتیں میسر ہونی چاہئیں۔ انہوں نے روزمرہ کی زندگی یا پالیسی سازی میں فیصلے کرتے وقت سماجی اور معاشرتی ضروریات، مسائل اور رویوں کو ذہن میں رکھ کر اپنے فیصلوں کو ترجیح دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان میں ہر سال 90 لاکھ بچے پیدا ہوتے ہیں، مناسب منصوبہ بندی کے ذریعے نہ صرف بڑھتی ہوئی آبادی کو کنٹرول کیا جا سکتا ہے بلکہ حمل کے دوران خواتین کی صحت کے مسائل کو حل کرنا بھی ممکن ہے، ملک کی خوشحالی کے لیے قدرتی وسائل کے ساتھ فکری وسائل کا بھی موثر استعمال ضروری ہے۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں