ایس ایچ اوز کو رمضان المبارک میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کی ہدایت

کراچی (اسٹاف رپورٹر) رمضان المبارک کی آمد کے سلسلے میں ایس ایس پی سٹی آفس بغدادی کمپلیکس میں اجلاس کا انعقاد کیا گیا، جس کی صدارت ایس ایس پی سٹی عارف عزیز نے کی۔
اجلاس میں مارکیٹوں کے عہدیداران، ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز نے شرکت کی۔ ایس ایس پی سٹی نے تمام تاجر برادری سے ان کو درپیش مسائل سے متعلق دریافت کیا۔ ایس ایس پی سٹی نے تاجر برادری کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں تمام مارکیٹوں/ بازاروں میں کیپم لگائے جائیں گے تاکہ کسی بھی شہری کو کسی قسم کا مسئلہ ہو تو وہ کیمپ پر رپورٹ کرے اور اس کے مسائل کا فوری ازالہ ہو سکے، رمضان المبارک میں ٹریفک، پارکنگ کے مسائل حل کرنے کیلئے ایس ایس پی ٹریفک کو لیٹر لکھا جائے گا تاکہ مسائل پر قابو پایا جا سکے، لیڈی پولیس اہلکار بھی تمام کیمپوں میں موجود ہوں گی تاکہ خواتین کو درپیش مسائل کو فی الفور حل کیا جا سکے۔ انہوں نے تمام متعلقہ ایس ایچ اوز کو ہدایت دی کہ ماہ رمضان المبارک میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے جائیں اور بازاروں میں پیدل اور موٹر سائیکل گشت بڑھایا جائے۔