درخت لگانا ماحولیاتی مسائل کا تقاضا ہے، کمشنر کراچی

درخت لگانا ماحولیاتی مسائل کا تقاضا ہے، کمشنر کراچی

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کمشنر کراچی محمد اقبال میمن نے سفاری پارک میں ہیلپنگ ہینڈ فار ریلیف اینڈ ڈیولپمنٹ اور ہیوسٹن کراچی سسٹر سٹی ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام شروع کی جانے والی شجر کاری مہم کا افتتاح کیا۔

 انہوں نے سفاری پارک کے مختلف حصوں میں ہینڈز کی زیر کفالت یتیم بچوں کے ساتھ مل کر پودے لگائے۔ اس موقع پر خطا ب کر تے ہوئے کمشنر کراچی نے کہا کہ کراچی میں درختوں کی کمی ہے، درختوں کی کمی کی وجہ سے موسم کی تبدیلی کے مسائل کا سامنا ہے، اس سے کراچی میں گرمی کی شدت بھی بڑھ رہی ہے، کراچی میں ماحولیا ت کے مسائل کا تقاضا ہے کہ شہر میں زیادہ سے زیادہ درخت لگائے جائیں۔ بعد ازاں کمشنر نے سفاری پارک کا دورہ کر کے سفاری میں جانوروں کی دیکھ بھال اور شہریوں کی تفریح کے لیے کئے جانے والے انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے ہاتھیوں کے انکلوژر کا بھی معائنہ کیا اور ہاتھیوں کو دی جانے والی خوراک، دیکھ بھال اور صفائی کے انتظامات کا بھی معائنہ کیا۔ ڈائریکٹر سفاری پارک کنور ایوب نے کمشنر کو سفاری پارک میں شہریوں کی سہولتوں کے انتظامات اور جانوروں کی دیکھ بھال کے انتظامات اور سفاری پارک کی مجموعی بہتری کے انتظامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتا یا کہ کراچی میں مجموعی طور پر چار ہاتھی ہیں، دو چڑیا گھر، جبکہ دوسفاری پارک میں ہیں، سفاری میں دونوں ہاتھی مکمل طور پر صحتیاب ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں