رمضان میں سینیٹری ورکرز دو شفٹوں میں تعینات کرنے کافیصلہ

 رمضان میں سینیٹری ورکرز دو شفٹوں میں تعینات کرنے کافیصلہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سیکریٹری سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ نسیم الدین میرانی اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر آپریشن طارق نظامانی کی زیر صدارت رمضان المبارک کے انتظامات کے سلسلے میں اجلاس منعقد کیا گیا۔

 جس میں رمضان کے انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔ اجلاس میں تمام اضلاع کے ڈائریکٹرز، ڈپٹی ڈائریکٹرز اور نجی کمپنیوں کے عہدیداران نے شرکت کی۔ نجی کمپنیوں کے عہدیداران نے رمضان کے انتظامات کے سلسلے میں بریفنگ میں بتایا کہ سینیٹری عملے کو دو شفٹوں میں تعینات کیا جائے گا، بالخصوص جن اضلاع میں فلاحی ادارے افطار دستر خوان لگاتے ہیں وہاں صفائی کے لئے اضافی عملہ موجود رہے گا۔ ضلع شرقی اور جنوبی میں ضرورت کے مطابق یوسی کے لحاظ اضافی عملہ تعینات کیا جائے گا، مساجد، امام بارگاہوں اور نماز تراویح کے دیگر مقامات کے اطراف اور راستوں کی صفائی یقینی بنائی جائے گی، بالخصوص 15 رمضان کے بعد مارکیٹوں، بچت بازار کے اطراف صفائی یقینی بنائی جائے گی۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر آپریشن طارق نظامانی نے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ رمضان مقدس مہینہ ہے، عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے تمام عملہ الرٹ رہے، دیگر سوک اداروں کے ساتھ بھی مکمل رابطہ رکھا جائے گا، شکایتی مراکز فعال کئے جائیں گے۔ 

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں