الخدمت آرفن کیئر پروگرام کے بچوں کا تفریحی و مطالعاتی دورہ

الخدمت آرفن کیئر پروگرام کے بچوں کا تفریحی و مطالعاتی دورہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) الخدمت کراچی کے آرفن کیئر پروگرام میں رجسٹرڈ باہمت بچوں کو گرین اینڈ کلین پاکستان کے تحت پی اے ایف میوزیم کے تفریحی و مطالعاتی دورے پر لے جایا گیا۔

 دورے میں ڈائریکٹر آرفن کیئر پروگرام یوسف محی الدین، منیجر مصعب بن عبدالقادر ،کورنگی کلیسٹر کے 250 بچے، ان کی مائیں اور الخدمت کے دیگر ذمہ داران موجود تھے۔ بچوں نے میوزیم میں رکھے جہازوں کے ماڈلز، یونیفارمز، قائد اعظم اور فاطمہ جناح کے ماڈل، آبدوز، بحری و برّی افواج کے اعلیٰ سابق سربراہان کی تصاویر بھی دیکھیں اور ان سے متعلق معلومات حاصل کیں۔ اس موقع پر ڈائریکٹر آرفن کیئر پروگرام یوسف محی الدین نے کہا کہ آج کے باہمت بچے کل کا روشن مستقبل ہیں، انہیں باصلاحیت اور باہمت بنانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت کا آرفن کیئر پروگرام نہ صرف ان باہمت بچوں کی کفالت کررہا ہے بلکہ ان کی دینی، اخلاقی تربیت کا بھی فریضہ انجام دے رہا ہے، الخدمت ان بچوں کو شہر کے مختلف تفریحی مقامات کی سیر اور مطالعاتی دورے کراتی رہتی ہے تاکہ انہیں نہ صرف تفریح کے مواقع میسر ہوں بلکہ ان کی معلومات میں بھی اضافہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ پورے معاشرے کی ذمہ داری ہے کہ ان یتیم بچوں کا سائبان بنیں اور الخدمت کا ساتھ دیں ۔ دریں اثنا یوم پاکستان پر شہر کے مختلف علاقوں میں گرین اینڈ کلین پاکستان مہم کے تحت باہمت بچوں نے صفائی مہم میں حصہ لیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں