نواب شاہ میں منافع مافیا نے بچت بازار منتقل کرادیا

نواب شاہ میں منافع مافیا نے بچت بازار منتقل کرادیا

نواب شاہ، اندرون سندھ (نمائندگان دُنیا، بیورو رپورٹ) نواب شاہ میں وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی جاوید نایاب لغاری نے دوسرے روز بھی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے گول چکرہ کے مقام پر لگائے گئے ۔

رمضان بچت بازار کا دورہ کرکے ریٹ لسٹ چیک کی اور خریداری کے لئے آئے شہریوں سے معلومات بھی لی اس موقع پر تاجرو ں نے ان سے اپیل کی کہ بچت بازار کی وجہ سے ان کا کاروبار متاثر ہورہا ہے جس پرجاوید نایاب لغاری نے ضلعی انتظامیہ اور بیورو آف سپلائیز کے افسران کو بچت بازار فوری طور پر گڑ مارکیٹ کے علاقے میں منتقل کرنے کی ہدایت کی۔ حیدرآباد میں ڈپٹی کمشنر فواد غفار سومرو کی ہدایات پر چاروں تعلقوں کے اسسٹنٹ کمشنرزکی جانب سے ساتویں روز بھی سرکاری قیمتوں کی خلاف ورزی کرنے والے تاجروں کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری رہا جن کے دوران مجموعی طور پر 24 تاجروں سے 62 ہزار 500 روپے جرمانہ وصول کیا گیا دوسری جانب چاروں تعلقوں میں اسسٹنٹ کمشنرز کی زیر نگرانی ساتویں رمضان کوبھی بچت بازار لگائے گئے۔ میرپورخاص شہر میں دودھ اور دہی کی قیمت میں من مانے اضافے کے خلاف ڈپٹی کمشنر زین العابدین کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر میرپورخاص غلام حسین کانہیو اور مختار کار راشد میئو نے مختلف دکانوں پر چھاپے مارکر عبید الرحمن پر دس ہزار روپے اور محبوب ڈیری ہائوس پرپانچ ہزار روپے جبکہ زائد نرخوں پر دودھ اور دہی فروخت کرنے والے دیگر ڈیری ہائوسز پر بھی بھاری جرمانے عائد کیے ، چھاپے کی اطلاع ملنے پر شہر میں کئی ڈیری شاپس والے اپنی دکانیں بند کرکے فرار ہوگئے۔ جھڈو میں شہریوں کو رمضان المبارک میں ریلیف دینے کے لیے سندھ حکومت کی جانب سے جھڈو میں بچت بازار قائم کیا گیا ہے جہاں پر شہری آٹا،گھی، آئل،دالیں،چاول،چینی اور پھلوں سمیت دیگر روزمرہ کی اشیا رعایتی نرخ پر خرید رہے ہیں۔ ٹھاروشاہ میں رمضان المبارک کی آمد کے حوالے سے ضلعی اور تعلقہ انتظامیہ کی طرف سے رمضان بچت بازار تاحال نہیں لگ سکے جس پر شہریوں نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ دیگر شہروں کی طرح ٹھاروشاہ میں بھی بچت بازار لگا کر عوام کو ریلیف دیا جائے۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں