مردم شماری عملے، مارکیٹوں کی سیکیورٹی مزید موثر بنانے کی ہدایت

مردم شماری عملے، مارکیٹوں کی سیکیورٹی مزید موثر بنانے کی ہدایت

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو کی سربراہی میں کراچی پولیس آفس میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقدہوا۔۔

جس میں زونل ڈی آئی جیز، ڈی آئی جی سی آئی اے ،ضلعی ایس ایس پیز، ایس ایس پیز انویسٹی گیشن و دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔ تینوں زونل ڈی آئی جیز نے اپنے اپنے زونز کی کارکردگی سے متعلق کراچی پولیس چیف کو بریفنگ دی۔ایڈیشنل آئی جی کراچی نے جرائم کی صورتحال، مفرور اور اشتہاری ملزمان کے خلاف پولیس کارروائیوں پر غور کیا اور انسداد اسٹریٹ کرائمز سمیت منشیات، جوئے ، گٹکے اور دیگر سماجی برائیوں کے اڈوں اور ایسے جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف سخت اور کامیاب ایکشن کیلئے مربوط و ٹھوس حکمت عملی تیار کرنے کے احکامات جاری کیے۔ شہر میں موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں کی چوری سمیت اغوا برائے تاوان کی بڑھتی ہوئی وارداتوں پر قابو پانے کیلئے سخت اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں۔ کراچی پولیس چیف نے رمضان المبارک میں مساجد، امام بارگاہوں، اجتماعات ، تراویح اور سحر و افطار کی اوقات میں سیکیورٹی مزید سخت کرنے اور پولیس پیٹرولنگ بڑھانے کی ہدایت کی۔ پولیس چیف نے زونل ڈی آئی چیز کو انسپکشن ٹیمیں تشکیل دینے کی ہدایت دی، جو شہر میں سیکیورٹی اقدامات کا جائزہ لیں گی اور رپورٹ مرتب کرکے افسران بالا کو پیش کریں گی۔ پولیس چیف نے مردم شماری کے عملے ، شہر میں قائم بچت بازاروں اور مارکیٹوں کی سیکیورٹی مزید موثر بنانے پر زور دیا۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں