سعیدآباد میں اسپورٹس کمپلیکس کو فعال کریں گے، ڈاکٹر سیف
کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے کہا ہے کہ بلدیہ ٹاؤن سعید آباد میں واقع کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس کو پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت بہتر اور فعال بنایا جائے گا۔
طویل عرصے سے یہ کمپلیکس استعمال نہیں ہوسکا تھا، جسے اب ترجیحی بنیادوں پر فعال کیا جائے گا۔ یہ بات انہوں نے بلدیہ ٹاؤن سعید آباد میں کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس کا دورہ کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر اسپورٹس بلدیہ عظمیٰ کراچی آفتاب قائم خانی، انٹرنیشنل کرکٹر ڈاکٹر صدیق پٹنی اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ ایڈمنسٹریٹر کراچی نے مزید کہا کہ یہ عمارت کروڑوں روپے کی لاگت سے تعمیر کی گئی تھی، اس کی افادیت اس وقت سامنے آئے گی جب اس کا شہر کے وسیع تر مفاد میں استعمال شروع کردیا جائے، بلدیہ عظمیٰ کراچی کے پاس کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس کشمیر روڈ، نیو کراچی اسپورٹس کمپلیکس، لانڈھی اسپورٹس کمپلیکس اور بلدیہ ٹاؤن اسپورٹس کمپلیکس موجود ہیں، تاہم صرف دو اسپورٹس کمپلیکس شہریوں کو سہولتیں مہیا کر رہے ہیں اور بقیہ عمارتیں و دیگر سہولتیں غیرفعال ہیں، ضرورت اس بات کی ہے کہ انہیں جلد از جلد فعال کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے تمام اضلاع میں کھیلوں کے فروغ کے لئے بلدیہ عظمیٰ کراچی اقدامات کر رہی ہے۔