یوم تکریم شہدا پاکستان:سی ویو پر ریلی اور واک کا انعقاد

یوم تکریم شہدا پاکستان:سی ویو پر ریلی اور واک کا انعقاد

کراچی (اسٹاف رپورٹر) یوم تکریم شہدا پاکستان کے موقع پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے سی ویو کراچی پر ریلی اور واک کا انعقاد کیا گیا۔

ڈی آئی جی سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن ڈاکٹر مقصود احمد کے ہمراہ کمانڈنٹ ایس ایس یو کیپٹن (ر) فیضان علی، سینئر پولیس افسران، ایس ایس یو کمانڈوز اور شہریوں کی بڑی تعداد نے ریلی میں شرکت کی اور مسلح افواج کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ اساتذہ اور طلبا کی بڑی تعداد نے بھی ریلی میں شرکت کی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں و سندھ پولیس کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا، جنہوں نے مادر وطن اور اس کے عوام کی حفاظت کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ علاوہ ازیں ایڈمنسٹریٹر فشرمینز کوآپریٹو سوسائٹی زاہد ابراہیم بھٹی کی قیادت میں یوم تکریم شہدا اور پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے لیے لانچ ریلی کا اہتمام کیا گیا۔ لانچ ریلی میں ماہی گیروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ سیکڑوں لانچوں کو قومی پرچموں سے سجایا گیا تھا، لانچوں پر قومی اور ملی نغمے بجائے جا رہے تھے۔ ماہی گیروں میں جوش اور ولولہ دیدنی تھا۔ لانچ ریلی کا آغاز کیماڑی جیٹی سے کیا گیا۔ اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر فشرمینز کوآپریٹو سوسائٹی زاہد ابراہیم بھٹی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج ہمارے سر کا تاج ہے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں