سرجانی ٹاؤن میں غیر قانونی تعمیرات کا خاتمہ،اراضیاں واگزار

سرجانی ٹاؤن میں غیر قانونی تعمیرات کا خاتمہ،اراضیاں واگزار

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے سید محمد علی شاہ کی ہدایت پر کارروائی کے دوران سرجانی ٹاؤن سیکٹر 8 انڈسٹریل ایریا میں پلاٹوں پر غیر قانونی تعمیرات کا خاتمہ کرکے اراضیاں سرکاری تحویل میں لے لی گئیں۔

چار دیواری، مکانات، متعدد زیر تعمیر عمارات کو کامیاب حکمت عملی کے تحت مسمار کردیا گیا۔ آپریشن کے دوران محکمہ اسٹیٹ اینڈ انفورسمنٹ کے عملے نے ہیوی مشینری و افرادی قوت کے ساتھ بھرپور کارروائی کی۔ کارروائی کے دوران غیر قانونی تعمیرات سمیت متعدد تجاوزات کو مسمار کیا گیا۔ آپریشن قانون نافذ کرنے والے ادارے اور مقامی انتظامیہ کی موجودگی میں کامیابی سے مکمل کیا گیا۔ واضح رہے کہ کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی کا تجاوزات کے خلاف آپریشن رواں برس کے آغاز سے جاری ہے، اس دوران بڑے پیمانے پر کارروائی کرتے ہوئے کے ڈی اے اراضیوں کو نہ صرف واگزار کیا گیا بلکہ اراضیاں سرکاری تحویل میں لیتے ہوئے نگرانی نظام بھی نافذ کیا جا رہا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کا واضح موقف ہے کہ ہائی کورٹ کے احکامات پر من و عن عمل کرتے ہوئے تجاوزات کے مکمل خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا، قابضین کے خلاف کسی صورت نرمی نہیں برتی جائے گی، اس ضمن میں کوتاہی یا غفلت برتنے والے افسران و ملازمین کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں